حیدرآباد18جولائی (یواین آئی) کانگریس کے سابق صدرراہول گاندھی کے آئندہ ماہ آندھراپردیش ویزاگ کے دورہ کا امکان ہے ۔بتایاجاتا ہے کہ راہول گاندھی نے وشاکھااسٹیل پلانٹ جس کی مرکز کی جانب سے نجی کاری کی جارہی ہے کے خلاف جدوجہد کرنے والی تنظیموں سے یگانگت کے اظہار کا فیصلہ کیا ہے راہول گاندھی کے استقبال کیلئے 22 جولائی کو صنعتی علاقہ میں کانگریس کی جانب سے ریلی نکالی جائیگی۔ بائیں بازو جماعتوں کی مزدور تنظیموں کے لیڈروں نے راہول گاندھی کی بھارت جوڑو یاترا کے دوران ان سے اے پی میں ملاقات کرکے جدوجہد سے یگانگت کی خواہش کی تھی جس پرراہول گاندھی نے مثبت ردعمل ظاہر کیا تھا۔کانگریس تلگو ریاست میں خود کو مستحکم کرنے کی کوشش کر رہی ہے ۔متحدہ آندھراپردیش کی تقسیم کے بعد موجودہ آندھراپردیش کو خصوصی ریاست کا درجہ دینے کا وعدہ کانگریس نے کیا تھا۔ 2014 سے ریاست میں کانگریس کو شدید نقصان اٹھانا پڑا ہے کیونکہ ریاست میں اس کا کوئی رکن اسمبلی یا رکن پارلیمنٹ منتخب نہیں ہوا ہے ۔اب پارٹی جنوبی ہند کی اس ریاست پر بھی توجہ مرکوز کی ہوئی ہے ۔