سنبھل:28 اکتوبر(یواین آئی)اتر پردیش کے ضلع سنبھل کی ایک ایم پی ایم ایل اے عدالت میں متنازعہ بیان کو لے کر کانگریس رہنما راہل گاندھی کے خلاف دائر نظر ثانی کی عرضی پر سماعت مکمل ہو گئی ہے اور عدالت اس پر اپنا فیصلہ سات نومبر کو سنائے گی۔ ہندو شکتی دل کے صدر سمرن گپتا نے راہل گاندھی کے ذریعے 15 جنوری کو ایک پروگرام کے دوران دیے گئے بیان کہ “ہماری لڑائی بی جے پی یا آر ایس ایس سے نہیں بلکہ انڈین اسٹیٹ سے ہے “، سے عوام کے جذبات کو ٹھیس پہنچنے کا الزام لگاتے ہوئے سنبھل کے ضلع مجسٹریٹ اور سپرنٹنڈنٹ آف پولیس کوتحریردے کر کارروائی کا مطالبہ کیا۔
کوئی کارروائی نہ ہونے پر سمرن گپتا نے 23 جنوری کو عدالت میں شکایت درج کرائی۔ گاندھی کے وکیل صغیر سیفی نے بتایا کہ منگل کو ایڈیشنل ڈسٹرکٹ جج (دوم) آرتی فوجدار کی عدالت میں یہ دلیل پیش کی گئی کہ نظر ثانی کی عرضی قابل سماعت نہیں ہے ۔ عدالت نے دونوں فریقوں کی دلیلیں سننے کے بعد سات نومبر کو فیصلے کی تاریخ مقرر کی ہے ۔
