بی جے پی کی بیان بازی پر کانگریس کی احتجاجی ریالی اور دھرنا ، قائدین کا خطاب
کاما ریڈی: 19/ستمبر(سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) لوک سبھا کے اپوزیشن لیڈر مسٹر راہول گاندھی پر بی جے پی کے قائدین کی جانب سے دئیے جانے والے بیانات اور ان کا اندرا گاندھی، راجیو گاندھی جیسا حال کریں گے جیسے بیان کے خلاف آج ضلع یوتھ کانگریس کے صدر جی سرینواس کی قیادت میں یوتھ کانگریس قائدین نے ایک ریالی نکالی اندرا چوک پر دھرنا دیا اور بی جے پی قائدین کے علامتی پتلے کو نذرآتش کیا۔ بعد ازاں ان قائدین نے پولیس اسٹیشن پہنچ کر بی جے پی کے قائدین کے خلاف شکایت درج کرواتے ہوئے مقدمہ درج کرنے کا مطالبہ کیا ۔اس موقع پر ضلع یوتھ کانگریس صدر مسٹر جی سر ینواس نے بی جے پی کے سابق رکن اسمبلی تنویندر سنگھ اور رکن پارلیمنٹ کنگنا راناوتھ اور دیگر قائدین کے خلاف ایک تحریری یادداشت پیش کرتے ہوئے بتایا کہ اندرا گاندھی ،راجیو گاندھی اس ملک کی حفاظت کے لیے اپنی جان کی قربانی دے کر ملک کو مستحکم رکھا بی جے پی اقتدار پر آنے کے بعد ملک کو خطرہ لاحق ہو گیا ہے اپنی غلطیوں کو چھپانے کے لیے بی جے پی قائدین کی جانب سے وقفہ وقفہ سے کانگریس قائدین کے خلاف بیان بازی کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ راہول گاندھی ان کے دادی اور والد کے نقش قدم پر چلتے ہوئے ملک کی سلامتی اور ملک کے تحفظ کے لیے گزشتہ 10 سال سے جدوجہد کر رہے ہیں جس کی وجہ سے ملک گیر سطح پر راہل گاندھی کی اہمیت میں دن بدن اضافہ ہوتے جا رہا ہے جس سے بی جے پی کے قائدین بوکھلاہٹ کا شکار ہو رہے ہیں راہل گاندھی کے سر قلم کرنے پر 10 لاکھ روپے کا انعام دینے کے بی جے پی قائدین کے بیان پر سخت تنقید کرتے ہوئے سرینواس نے کہا کہ کانگریس پارٹی کا ہررکن راہل گاندھی کی جان کی سلامتی کے لیے ان کے تحفظ میں اپنے آپ کو وقف کرنے کے لیے تیار ہے جہاں تک بی جے پی قائدین کی جانب سے بیان بازی کی جا رہی ہے ملک گیر سطح پر ہر کارکن ایک روپیہ جمع کرتا ہے تو کروڑوں روپے جمع ہو جائیں گے اور اس طرح گاندھی کے تحفظ کے لیے قربانی دینے کے لیے تیار ہے بی جے پی کے قائدین اپنی حرکتوں سے باز نہیں آئے تو آنے والے دنوں میں انہیں اس کا خمیازہ بھگتنا پڑے گا۔