راہول گاندھی کے جلسہ عام کی تیاریاں عروج پر

,

   

پردیش کانگریس صدر نے جلسہ گاہ کا معائنہ کیا، اقلیتوں کی موثر نمائندگی کیلئے قائدین کا اجلاس

حیدرآباد۔ 7 مارچ (سیاست نیوز) صدر کانگریس راہول گاندھی کے 9 مارچ کے جلسہ عام کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں۔ صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی، جنرل سکریٹری انچارج تلنگانہ آر سی کنتیا اور سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرامارکا نے دیگر قائدین کے ہمراہ شمس آباد کا دورہ کیا جہاں 30 ایکڑ اراضی پر جلسے کے انتظامات کیے جارہے ہیں۔ راہول گاندھی ایک روزہ دورے کے موقع پر تلنگانہ میں پارٹی کی انتخابی مہم کا عملاً آغاز کریں گے۔ وہ کانگریس کے انتخابی منشور کی اہم اسکیم اقل ترین آمدنی ضمانت اسکیم کی تفصیلات کا بھی اعلان کریں گے جس کے تحت ہر غریب شخص کو مرکزی حکومت کی جانب سے امداد فراہم کی جائے گی۔ جلسہ عام میں کانگریس کے بوتھ اور منڈل سطح کے ورکرس کو شامل کیا جائے گا تاکہ لوک سبھا انتخابات کی تیاریوں میں تیزی آئے۔ رنگاریڈی، وقارآباد، حیدرآباد، محبوب نگر اور دیگر اضلاع سے 30 ہزار سے زائد کارکنوں کی شرکت متوقع ہے۔ ضلع صدور اور ارکان اسمبلی کے علاوہ سابق ارکان پارلیمنٹ و اسمبلی کو مختلف ذمہ داریاں دی گئی ہیں۔ اسی دوران اقلیتوں کی بڑی تعداد میں شرکت کو یقینی بنانے کے لیے آج کانگریس کے اقلیتی قائدین کا اجلاس منعقد ہوا۔ ظفر جاوید نے اجلاس کی صدارت کی جس میں اسمبلی انتخابات میں حصہ لینے والے پارٹی قائدین کے علاوہ دوسروں نے شرکت کی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ جلسہ عام میں اقلیتوں کی قابل لحاظ نمائندگی کو یقینی بنایا جائے۔ پارٹی قائدین عامر جاوید، محمد غوث، ایس کے افضل الدین، عظمیٰ شاکر، عبداللہ سہیل، عثمان الہاجری، عیسیٰ مصری اور دوسروں نے شرکت کی۔