بی جے پی اور ٹی آر ایس حکومتیں ناکام، پی سی سی ترجمان ستیش مادیگا کی پریس کانفرنس
حیدرآباد ۔ 8۔ فروری (سیاست نیوز) پردیش کانگریس کمیٹی کے ترجمان ستیش مادیگا نے کہا کہ راہول گاندھی کو وزیراعظم کے عہدہ پر فائز کرنے کیلئے 15 فروری سے شکتی یاترا کا آغاز کیا جارہا ہے جو 28 فروری تک جاری رہے گی۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ستیش مادیگا نے کہا کہ راہول گاندھی ملک کے وزیراعظم کے لئے موزوں شخصیت ہیں۔ انہوں نے سابق میں اس عہدہ کو قبول نہیں کیا تھا جبکہ ڈاکٹر منموہن سنگھ نے انہیں پیشکش کی تھی ۔ انہوں نے کہا کہ لوک سبھا انتخابات میں کانگریس کی کامیابی یقینی ہے اور راہول گاندھی ملک کے اگلے وزیراعظم ہوں گے ۔ شکتی یاترا کا مقصد راہول گاندھی کے کارناموں سے عوام کو واقف کرانا اور لوک سبھا انتخابات میں کانگریس کے بہتر مظاہرہ کی راہ ہموار کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی اور ٹی آر ایس مرکز اور ریاست میں ہر محاذ پر ناکام ہوچکے ہیں۔ عوام سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل میں ناکامی کے بعد دوبارہ نئے وعدے کرتے ہوئے عوام کو دھوکہ دے رہے ہیں۔ پارٹی ترجمان نے کہا کہ نریندر مودی رافیل جنگی طیاروں کی خریدی کے معاملت میں راہول گاندھی کے سوالات سے فرار اختیار کر رہے ہیں۔ 30,000 کروڑ کے اسکام میں حکومت نے انیل امبانی کو فائدہ پہنچانے کی کوشش کی ہے ۔ ستیش مادیگا نے الزام عائد کیا کہ مودی حکومت صنعتی گھرانوں کے وفادار کی تکمیل کر رہی ہے۔ انہوں نے ہائی کمان سے مطالبہ کیا کہ ناگر کرنول کی لوک سبھا نشست مقامی قائد کو دی جائے اور عوام بھی مقامی شخص کو ٹکٹ دینے کا مطالبہ کر رہے ہیں ۔ ٹی آر ایس اگر مقامی امیدوار کو ٹکٹ دیتی ہے اور کانگریس غیر مقامی کو دے تو نقصان کانگریس کا ہوگا۔ ستیش مادیگا نے کہا کہ وہ ناگر کرنول لوک سبھا ٹکٹ کے خواہاں ہیں اور اگر ہائی کمان موقع دیں تو وہ کامیاب ہوکر دکھائیں گے۔