گاندھی بھون میں سینئر قائدین کی شرکت، منصور علی خاں اور دوسروں کا خطاب
حیدرآباد۔/12 جولائی، ( سیاست نیوز) کانگریس قائد راہول گاندھی کے خلاف مودی حکومت کی انتقامی کارروائیوں پر آج کانگریس نے ستیہ گرہ احتجاج کا اہتمام کیا۔ گاندھی بھون میں ستیہ گرہ خاموش احتجاج میں پارٹی کے سینئر قائدین نے شرکت کی اور مرکزی حکومت کو نشانہ بناتے ہوئے کانگریس کو کمزور کرنے کی کوششوںکا الزام عائد کیا۔ ہتک عزت معاملہ میں عدالت کی سزا کے بعد راہول گاندھی کو پارلیمنٹ کی رکنیت سے نااہل قرار دیا گیا اور گجرات ہائی کورٹ سے کوئی راحت نہیں ملی۔ گاندھی بھون کے ستیہ گرہ پروگرام میں اے آئی سی سی سکریٹری منصور علی خاں، رکن پارلیمنٹ کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی، اے آئی سی سی سکریٹریز سریدھر بابو، سمپت کمار، رکن کونسل جیون ریڈی، رکن اسمبلی جگا ریڈی، سابق اپوزیشن لیڈر محمد علی شبیر، سابق صدر پردیش کانگریس پونالہ لکشمیا، سابق رکن پارلیمنٹ پونم پربھاکر، سی ایچ کرن کمار ریڈی، صدرنشین میناریٹیز ڈپارٹمنٹ شیخ عبداللہ سہیل، محاذی تنظیموں کے قائدین اور کارکنوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ سکریٹری اے آئی سی سی منصور علی خاں نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں نفرت اور فرقہ پرستی کے خلاف راہول گاندھی جدوجہد کررہے ہیں۔ ملک کو متحد رکھنے کیلئے سونیا گاندھی، راہول گاندھی اور ملکارجن کھرگے نے غیر معمولی مساعی کی ہے۔ بی آر ایس حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے منصور علی خاں نے کہا کہ بی آر ایس اور بی جے پی دونوں ایک ہیں اور کانگریس کو کمزور کرنے کیلئے مفاہمت کرلی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کارکنوں کو تلنگانہ اسمبلی انتخابات کیلئے تیار رہنا چاہیئے۔ پارٹی قیادت کے ہاتھ مضبوط کرتے ہوئے تلنگانہ میں اقتدار کو یقینی بنایا جائے۔ رکن پارلیمنٹ وینکٹ ریڈی نے کہاکہ راہول گاندھی کے خلاف گمراہ کن پروپگنڈہ کیا جارہا ہے۔ رکن اسمبلی سریدھر بابو نے کہا کہ بھارت جوڑو یاترا کی کامیابی سے بی جے پی بوکھلاہٹ کا شکار ہے۔ پارلیمنٹ میں عوامی مسائل پر راہول گاندھی کی آواز کو روکنے کیلئے انتقامی کارروائی کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ سارا ملک راہول گاندھی کے ساتھ ہے۔ بی جے پی اور نریندر مودی حکومت کی سازشوں کو عوام ناکام بنادیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی نے کسانوں کو مفت برقی سربراہی کا سب سے پہلے آغاز کیا تھا اور تلنگانہ میں برسراقتدار آنے کے بعد مفت برقی سربراہ کی جائے گی۔ مدھو یاشکی گوڑ، ڈاکٹر ملو روی، پونم پربھاکر اور دیگر قائدین نے مخاطب کیا۔ر