حیدرآباد اور اضلاع میں ریالیاں، وزیراعظم مودی کے علامتی پتلے جلائے گئے
حیدرآباد ۔7۔ جولائی (سیاست نیوز) کانگریس پارٹی نے گجرات ہائیکورٹ میں راہول گاندھی کی درخواست کو مسترد کرنے پر احتجاج کرتے ہوئے مختلف اضلاع میں مظاہرے کئے اور وزیراعظم نریندر مودی کا علامتی پتلا نذر آتش کیا گیا۔ ہتک عزت معاملہ میں راہول گاندھی کو سزا کے بعد انہیں پارلیمنٹ کی رکنیت سے نااہل قرار دیا گیا۔ اس فیصلہ کے خلاف راہول گاندھی گجرات ہائی کورٹ سے رجوع ہوئے لیکن عدالت سے کوئی راحت نہیں ملی۔ ہائی کورٹ کے فیصلہ پر کانگریس قائدین نے سخت ردعمل ظاہر کیا ۔ حیدرآباد ، رنگا ریڈی ، نظام آباد ، ورنگل ، سکندرآباد اور دیگر اضلاع میں کانگریس کارکنوں نے احتجاجی ریالیاں منظم کیں۔ قائدین نے عدلیہ پر جانبداری کا الزام عائد کرکے سپریم کورٹ سے انصاف کی امید ظاہر کی۔ نائب صدر پردیش کانگریس جی نرنجن اور سابق صدر پردیش کانگریس وی ہنمنت راؤ نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے گجرات ہائی کورٹ کے فیصلہ کو بدبختانہ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ راہول گاندھی کو نااہل قرار دینے کے معاملہ میں ہائی کورٹ سے انصاف کی امید تھی۔ اب اس معاملہ کو سپریم کورٹ سے رجوع کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی دراصل راہول گاندھی کا سامنا کرنے سے خوفزدہ ہے ۔ پارلیمنٹ میں ان کے داخلہ کو روکنے کیلئے عدلیہ کے ذریعہ رکاوٹ پیدا کی جارہی ہے ۔ ہنمنت راؤ نے کہا کہ ملک سے نفرت کے خاتمہ کیلئے راہول گاندھی کی مہم کو عوام کی تائید حاصل ہوئی ہے ۔ پردیش کانگریس کمیٹی کی اپیل پر سرسلہ میں صدر کانگریس سرینواس کی قیادت میں احتجاجی ریالی منظم کی گئی ۔ سابق رکن پارلیمنٹ پونم پربھاکر کی قیادت میں کریم نگر میں دھرنا منظم کیا گیا اور وزیراعظم کا علامتی پتلا نذر آتش کیا گیا ۔ نظام آباد میں طاہر بن حمدان کی قیادت میں ریالی منظم کی گئی ۔ سکندرآباد ضلع کانگریس کمیٹی کے صدر انیل کمار یادو کی قیادت میں احتجاج منظم کیا گیا ۔ پولیس نے احتجاجی کار کنوں کو حراست میں لے کر پولیس اسٹیشن منتقل کردیا ۔ صدر خیریت آباد ضلع کانگریس روہین ریڈی کی قیادت میں گاندھی بھون کے روبرو احتجاجی دھرنا منظم کرتے ہوئے مودی کا علامتی پتلا جلایا گیا ۔ احتجاجی کارکنوں کو حراست میں لے کر بیگم بازار پولیس اسٹیشن منتقل کیا گیا۔کانگریس پارٹی نے گجرات ہائی کورٹ کے فیصلہ کے خلاف ریاست گیر سطح پر احتجاجی مظاہروں کی اپیل کی تھی۔ر
