راہول گاندھی کے خلاف کارروائی جمہوریت کا سیاہ دن

   

ملک کے عوام کانگریس کے ساتھ ، مانک راؤ ٹھاکرے اور دوسروں کی پریس کانفرنس
حیدرآباد۔24۔مارچ (سیاست نیوز) تلنگانہ میں کانگریس کے انچارج مانک راؤ ٹھاکرے نے راہول گاندھی کی لوک سبھا کی رکنیت ختم کرنے سے متعلق فیصلے کی مذمت کی ہے۔ مدھو یاشکی گوڑ ، وی ہنمنت راؤ ، مہیش کمار گوڑ اور روہت چودھری کے ہمراہ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے مانک راؤ ٹھاکرے نے کہا کہ آج جمہوریت کا یوم سیاہ ہے۔ اور پارلیمانی جمہویت کی تاریخ میں پہلی مرتبہ اس طرح کا فیصلہ کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ نریندر مودی حکومت نے ملک میں غیر معلنہ ایمرجنسی نافذ کردی ہے۔ ملک میں جمہوری اور دستوری اداروں کی کارکردگی میں مداخلت کرتے ہوئے من مانی فیصلے کئے جارہے ہیں۔ ٹھاکرے نے کہاکہ کنیا کماری سے کشمیر تک راہول گاندھی کی بھارت جوڑو یاترا سے بی جے پی خوفزدہ ہے۔ راہول گاندھی کی آواز دبانے کیلئے سورت کی عدالت کے فیصلہ کا سہارا لیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کو راہول گاندھی کی مقبولیت سے خوف لاحق ہوچکا ہے۔ ملک کے عوام کانگریس پارٹی اور راہول گاندھی کے ساتھ ہیں اور جمہوری انداز میں جواب دینگے۔ وی ہنمنت راؤ نے کہاکہ راہول کو لوک سبھی کی رکنیت سے نااہل قرار دینا افسوسناک ہے جبکہ سورت کی عدالت نے فیصلہ پر عمل آوری کیلئے 30 دن کی مہلت دی تھی۔ ہائی کورٹ اور سپریم کورٹ میں اپیل سے قبل ہی راہول گاندھی کے خلاف کارروائی بی جے پی اور مودی حکومت کے خوف کو ظاہر کرتی ہے۔ ملک کے عوام انتقامی کارروائی کا جواب دیں گے۔ر