ملک گیر سطح پر مہم، شیخ عبداللہ سہیل اور دیگر قائدین کی شرکت
حیدرآباد۔/29 مارچ، ( سیاست نیوز) آل انڈیا کانگریس کمیٹی کی ہدایت پر کانگریس کی مختلف محاذی تنظیموں کے قائدین نے آج ٹینک بنڈ پر بی آر امبیڈکر مجسمہ کے قریب احتجاج منظم کیا۔ لوک سبھا کی رکنیت سے راہول گاندھی کو نااہل قرار دینے کے خلاف یہ احتجاج منظم کیا گیا جس میں سینئر قائدین نے شرکت کی۔ کانگریس قائدین نے راہول گاندھی کے خلاف کارروائی کو جمہوریت کے قتل سے تعبیر کیا اور کہا کہ بی جے پی حکومت راہول گاندھی سے خوفزدہ ہے۔ پردیش کانگریس کمیٹی میناریٹیز ڈپارٹمنٹ کے صدرنشین شیخ عبداللہ سہیل، صدرنشین او بی سی ڈپارٹمنٹ این سریکانت، سابق رکن اسمبلی وشنو وردھن ریڈی، سابق رکن کونسل راملو نائیک، خیریت آباد ضلع کانگریس کمیٹی میناریٹی چیرمین ارحم عادل کے علاوہ دیگر محاذی تنظیموں کے قائدین نے شرکت کی۔ اس موقع پر شیخ عبداللہ سہیل نے کہا کہ کانگریس پارٹی نے ملک گیر سطح پر احتجاج کا آغاز کیا ہے تاکہ بی جے پی حکومت کے فیصلوں کی مذمت کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی نے پارلیمنٹ میں اڈانی اور نریندر مودی کے روابط کو بے نقاب کیا جس کے نتیجہ میں بی جے پی بوکھلاہٹ کا شکار ہے۔ راہول گاندھی کی آواز دبانے کیلئے ایک سازش کے تحت پارلیمنٹ کی رکنیت سے نااہل قراردیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی شعبہ کے اداروں کی رقومات اڈانی کے اداروں میں سرمایہ کاری کے ذریعہ بچانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ شیخ عبداللہ سہیل نے کہا کہ حکومت کی بدعنوانیوں کے خلاف کانگریس کی جدوجہد جاری رہے گی۔ر