راہول گاندھی کے خلاف کے ٹی آر کا بیان بوکھلاہٹ کا نتیجہ

   

Ferty9 Clinic

وزیر ٹرانسپورٹ پونم پربھاکر کی برہمی
حیدرآباد ۔7 ۔ جنوری (سیاست نیوز) وزیر ٹرانسپورٹ پونم پربھاکر نے بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی راما راؤ کو وارننگ دی کہ وہ کانگریس قائد راہول گاندھی کے بارے میں ناشائستہ الفاظ کے استعمال سے گریز کریں۔ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے پونم پربھاکر نے راہول گاندھی کے خلاف کے ٹی آر اے کے بیان پر سخت برہمی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ کے ٹی آر کی زبان سے اندازہ ہورہا ہے کہ وہ مسلسل پارٹی کی شکست سے بوکھلاہٹ کا شکار ہوچکے ہیں۔ تلنگانہ عوام نے اسمبلی ، لوک سبھا ، کنٹونمنٹ ، جوبلی ہلز اور پھر پنچایت راج چناؤ میں بی آر ایس کو مسترد کردیا ۔ مسلسل شکست اور خاندانی تنازعات سے بوکھلاہٹ کا شکار ہوکر کے ٹی آر ، راہول گاندھی کو نشانہ بنارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ راہول گاندھی کا خاندان ملک میں قربانیوں کی مثال ہے۔ جدوجہد آزادی اور پھر ہندوستان کی ترقی میں گاندھی خاندان کے کارناموں کو فراموش نہیں کیا جاسکتا ۔ انہوں نے کہا کہ کے ٹی آر کو جان لینا چاہئے کہ راہول گاندھی پر تنقید سے ان کا امیج بڑھنے والا نہیں ہے۔ عوام ان کی زبان اور الفاظ کو پسند نہیں کریں گے۔ کے ٹی آر نے راہول گاندھی کے خلاف ناشائستہ زبان کا استعمال کرتے ہوئے اپنی ذاتی تہذیب کا ثبوت دیا ہے۔ پونم پربھاکر نے کے ٹی آر کے مستقبل میں اس طرح کی بیان بازی سے گریز کا مشورہ دیا اور کہا کہ عوام بی آر ایس کو مناسب سبق سکھائیں گے۔1