راہول گاندھی کے ساتھ تلنگانہ پارٹی قائدین کا دہلی میں آج اجلاس

   

انتخابی حکمت عملی کے ماہر سنیل کی موجودگی، تلنگانہ میں انتخابی تیاریوں کے آغاز پر پیش رفت
حیدرآباد۔/3 اپریل، ( سیاست نیوز) تلنگانہ میں کانگریس کے استحکام کی حکمت عملی طئے کرنے آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے قائد راہول گاندھی نے کل 4 اپریل کو نئی دہلی میں پارٹی کے اہم قائدین کا اجلاس طلب کیا ۔ گزشتہ دنوں دہلی میں راہول گاندھی نے تلنگانہ قائدین کے ساتھ اجلاس منعقد کرکے پارٹی میں اتحاد کی مساعی کی تھی جبکہ کل کے اجلاس میں انتخابی حکمت عملی کے ماہر پرشانت کشور کے ساتھی سنیل کے ساتھ تلنگانہ قائدین کی ملاقات کرائی جائے گی۔ پرشانت کشور ٹیم سے علحدگی کے بعد سنیل اپنے طور پر انتخابی اُمور پر کانگریس کیلئے کام کررہے ہیں۔ سنیل نے اپنی ٹیم کے ساتھ حال ہی میں تلنگانہ کا دورہ کیا تھا اور ہائی کمان کو رپورٹ حوالے کی تھی۔ راہول گاندھی اس ملاقات میں سنیل کے ہمراہ موجود رہیں گے اور تلنگانہ قائدین کو ریاست میں آئندہ انتخابات کی تیاریوں اور ٹی آر ایس اور بی جے پی سے نمٹنے کے طریقوں کی رہنمائی کی جائیگی۔ اجلاس کا مقصد سنیل کی رپورٹ اور تجاویز کی بنیاد پر تلنگانہ میں انتخابی تیاری کا آغاز ہے۔ ابتداء میں تلنگانہ کے 25 قائدین کو مدعو کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا تاہم بعد میں قائدین کی تعداد بڑھا کر 35 کردی گئی ۔ پولٹیکل افیرس کمیٹی کے 28 ارکان کے علاوہ 7 سابق وزراء کو بھی مدعو کیاگیا جن میں ششی دھر ریڈی، سدرشن ریڈی ، آر دامودر ریڈی، بی پرساد و رامچندر راؤ شامل ہیں۔ سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ نئی دہلی میں مقیم ہیں لیکن سونیا گاندھی سے ملاقات کا وقت نہیں ملا ۔ گزشتہ اجلاس میں جگا ریڈی، کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی، بھٹی وکرامارکا، سریدھر بابو اور بعض دوسروں نے شرکت نہیں کی تھی لیکن کل کے اجلاس کیلئے جنرل سکریٹری انچارج مانکیم ٹیگور اور اے آئی سی سی سکریٹریز نے نہ صرف ٹیلی فون کیا بلکہ تحریری دعوت نامے روانہ کئے ۔ سی ایل پی لیڈر نے اجلاس میں شرکت کیلئے اپنی عوامی پدیاترا کو دو دن کیلئے موقوف کردیا ۔ بتایا گیا کہ اجلاس میں ناراض قائدین کو شکایات کا موقع نہیں ملے گا کیونکہ یہ اجلاس انتخابی حکمت عملی کے ضمن میں ہے۔ ہائی کمان کے پاس ریونت ریڈی کا موقف کافی مضبوط ہوچکا ہے۔ر