اندرا پارک پر جلسہ عام، بڑی تعداد میں شرکت کے لیے ریونت ریڈی کی اپیل
حیدرآباد۔/20 جولائی، ( سیاست نیوز) کانگریس پارٹی نے مرکز کی جانب سے کانگریس کے قائد راہول گاندھی اور دیگر قائدین کے ٹیلی فون ٹیاپنگ کے خلاف 22 جولائی کو ’چلو راج بھون‘ پروگرام کا اعلان کیا۔ آل انڈیا کانگریس کمیٹی نے تمام ریاستوں میں ’چلو راج بھون ‘ پروگرام منظم کرتے ہوئے متعلقہ گورنرس کو یادداشت پیش کرنے کی ہدایت دی ہے۔ صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی نے کہا کہ مرکزی حکومت اسرائیلی سافٹ ویر کے ذریعہ راہول گاندھی اور دیگر قائدین کی سرگرمیوں پر نظر رکھے ہوئے ہے۔ مرکز کا یہ اقدام غیر جمہوری اور دستور کی خلاف ورزی ہے۔ پردیش کانگریس کمیٹی 22 جولائی کو اندرا پارک دھرنا چوک پر احتجاجی دھرنا منظم کرے گی۔ وہاں سے ’ چلو راج بھون ‘ احتجاج منظم کیا جائے گا۔ ریونت ریڈی نے کانگریس قائدین اور کارکنوں سے بڑی تعداد میں شرکت کی اپیل کی ہے۔ اسی دوران سابق ڈپٹی چیف منسٹر دامودھر راج نرسمہا، پردیش کانگریس پروگرام عمل آوری کمیٹی کے صدرنشین اے مہیشور ریڈی نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے مرکز اور ریاستی حکومتوں پر اپوزیشن کے خلاف اقدامات کا الزام عائد کیا۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل سے سافٹ ویر حاصل کرتے ہوئے اپوزیشن قائدین کے ڈیٹا کا سرقہ کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کو کمزور کرنے کیلئے اسرائیل کی مدد لی جارہی ہے۔ مرکز کے رویہ کے خلاف ’چلو راج بھون‘ پروگرام منظم کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں عام آدمی کی شخصی رازداری کا کوئی تحفظ نہیں ہے۔ اسی دوران سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرامارکا نے فون ٹیاپنگ کی مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ شخصی آزادی میں مرکز مداخلت کی کوشش کررہا ہے۔وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ امیت شاہ کو اس سلسلہ میں جواب دینا ہوگا۔ بھٹی وکراما رکا نے کہا کہ ’ چلو راج بھون ‘ پروگرام میں پارٹی کارکنوں اور قائدین کو شرکت کرنی چاہیئے۔ مرکزی حکومت سیاسی قائدین کے علاوہ صحافیوں اور سماجی جہد کاروں کے ٹیلی فون ٹیاپ کررہی ہے۔
