رائے بریلی،7 ستمبر (یواین آئی) اتر پردیش کے رائے بریلی سے کانگریس کے رکن پارلیمنٹ اور اپوزیشن لیڈر راہول گاندھی کے 10 اور 11 ستمبر کو دو روزہ دورے پر رائے بریلی پہنچنے کا امکان ہے ۔ امیٹھی کے ایم پی کے ایل شرما نے ایک میٹنگ میں دورے کے پروگرام پر تفصیل سے تبادلہ خیال کیا۔ رائے بریلی آئے امیٹھی کے رکن پارلیمنٹ نے راہول گاندھی کے اپنے پارلیمانی حلقہ رائے بریلی کے ممکنہ دورے کی جانکاری دیتے ہوئے بی جے پی حکومت کو ہدف تنقید بنایا۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے شرما نے مرکزی حکومت پر سخت حملہ کیا اور کہا کہ راہول گاندھی جن مسائل کو اٹھاتے ہیں ان پر بی جے پی کام کرنا شروع کر دیتی ہے ۔ ایک مثال دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جی ایس ٹی کا مسئلہ راہول گاندھی نے اٹھایا تھا اور اب مرکزی حکومت اس پر دوبارہ غور کرنے کی بات کر رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی نے ہمیشہ بے بس اور بے سہارا لوگوں کے مسائل کو مضبوط طریقے سے اٹھایا ہے ۔ راہول گاندھی کا ہمیشہ ایک وژن رہا ہے لیکن موجودہ بی جے پی حکومت کی پالیسیوں کی وجہ سے ملک کے عوام کو طویل عرصے سے مسائل کا سامنا ہے ۔رکن پارلیمنٹ نے بی جے پی پر انتخابی دھاندلی کا الزام لگایا اور کہا کہ الیکشن کمیشن کی ملی بھگت سے جمہوریت کو کمزور کیا جا رہا ہے ۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ کانگریس پارلیمنٹ سے لیکر سڑکوں تک عوام کی آواز کو مضبوطی سے اٹھاتی رہے گی۔انہوں نے کہا کہ ممکنہ دورے کے پہلے دن وہ عوامی نمائندوں اور کارکنوں سے ملاقات کریں گے اور دوسرے دن یعنی 11 ستمبر کو راہول گاندھی کی صدارت میں رائے بریلی میں دیشا کمیٹی کی میٹنگ ہوگی، جس میں ضلع کی ترقی سے متعلق مسائل پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔