راہول گاندھی 15 ڈسمبر کو تلنگانہ کسانوں کے احتجاج میں حصہ لیں گے

   

دہلی میں ہلدی کسانوں کا 2 روزہ دھرنا، خصوصی ٹرین سے منتقلی
حیدرآباد۔/5 ڈسمبر، ( سیاست نیوز) سابق کانگریس صدر راہول گاندھی 15 ڈسمبر کو نئی دہلی میں تلنگانہ کے ہلدی کسانوں کے احتجاج میں حصہ لیں گے۔ متحدہ نظام آباد ضلع کے آرمور، بالکنڈہ اور نظام آباد رورل علاقوں میں زیادہ تر ہلدی کاشت کی جاتی ہے اور کسان پیداوار کی مناسب قیمت کیلئے علحدہ ہلدی بورڈ کے قیام اور اقل ترین امدادی قیمت کا مطالبہ کررہے ہیں۔ گزشتہ لوک سبھا انتخابات میں بی جے پی امیدوار ڈی اروند نے کامیابی ملنے پر ہلدی بورڈ کے قیام کا وعدہ کرکے اسٹامپ پیپر تحریر کیا تھا لیکن دو سال گزرنے کے باوجود آج تک ہلدی کے کسان امدادی قیمت سے محروم ہیں۔ کانگریس نے ہلدی کاشتکاروں کا نئی دہلی میں دھرنا منظم کرنے کا فیصلہ کیا ۔ 14 اور 15 ڈسمبر کو دہلی میں دو روزہ دھرنا منظم کیا جائے گا اور دوسرے دن راہول گاندھی شرکت کرکے خطاب کریں گے۔ کسانوں کیلئے2 خصوصی ٹرین بوگیوں کا انتظام کیا جارہا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ بلا لحاظ سیاسی وابستگی ہلدی کسانوں کو نئی دہلی روانگی کا انتظام کیا جارہا ہے۔ توقع ہے کہ اس احتجاج میں صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی کے علاوہ ارکان پارلیمنٹ اتم کمار ریڈی، کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی اور دیگر شرکت کریں گے۔ دھان خریدی کے مسئلہ پر چونکہ بی جے پی سے ٹی آر ایس کا ٹکراؤ شروع ہوچکا ہے لہذا ٹی آر ایس ایم پیز بھی ہلدی کسانوں کے احتجاج میں شرکت کرتے ہوئے اظہار یگانگت کرسکتے ہیں۔ ر