راہول 10 اور سونیا 11 اپریل کو پرچہ داخل کرینگی

   

نئی دہلی5 اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) کانگریس صدر راہول گاندھی امیٹھی لوک سبھا حلقہ سے اپنا پرچہ نامزدگی 10 اپریل کو داخل کرینگے جبکہ یو پی اے کی صدر نشین سونیا گاندھی رائے بریلی سے اپنا پرچہ 11 اپریل کو داخل کرینگی ۔ پارٹی ذرائع نے یہ بات بتائی ۔ اپنے بھائی اور والدہ کی جانب سے پرچہ نامزدگی کے ادخال کے وقت کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا بھی موجود رہیں گی ۔ ذرائع نے کہا کہ دونوں ہی دن گاندھی خاندان کے ارکان ساتھ رہیں گے اور پرچے داخل کرینگے ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں دن پرچہ نامزدگیوں کے ادخال کو طاقت کے مظاہرہ کے طور پر پیش کیا جائیگا اور پارٹی کے بڑے قائدین موجود رہیں گے ۔ پرچہ کے ادخال کے بعد دونوں ہی دنوں میں روڈ شو کا بھی اہتمام کیا جائیگا ۔ امیٹھی اور رائے بریلی سے کانگریس قائدین راہول اور سونیا گاندھی ہمیشہ مقابلہ کرتے رہے ہیں تاہم اس بار راہول گاندھی کیرالا کے حلقہ وائیناڈ سے بھی مقابلہ کر رہے ہیں اور وہاں وہ کل ہی پرینکا گاندھی کے ساتھ اپنا پرچہ داخل کرچکے ہیں۔