لندن ۔25 جون (سیاست ڈاٹ کام ) جنوبی افریقہ کے کپتان فاف ڈو پلیسی نے ورلڈ کپ میں ربادا کے ناکام ہونے اور ٹیم کی مایوس کن کاردگی کی وجہ آئی پی ایل کھیلنے کو قرار دیدیا ہے۔ پاکستان سے شکست کے بعد ڈو پلیسی نے کہا ہے کہ میں نے آئی پی ایل سے قبل ہی بہت کوشش کی کہ فاسٹ بولر ربادا کھیلنے نہ جائیں ، ان کا آرام کرنا اور تازہ دم ہونا بہت ضروری تھا ، جب وہ کھیلنے گئے تو ہم نے تعاون کیا انہیں درمیانی حصے میں واپس آجانا چاہئے تھا بعد میں وہ ان فٹ ہوئے اور صحت یابی کرتے کرتے تھک سے گئے، ان پر بولنگ کا بہت بوجھ تھا جس کی وجہ سے کارکردگی خراب رہی، ربادا ورلڈ کپ میں 50 سے زائد کی اوسط سے صرف 6 وکٹ لے سکے۔ ڈوپلیسی کے بموجب تھکاوٹ کی وجہ سے ان کی رفتار متاثر ہوئی ،اچھا ہوتا کہ وہ آئی پی ایل میں نہ جاتے اور انکا نہ جانا کئی دیگر کھلاڑیوں کے لئے بھی بہتر ثابت ہوتا۔واضح رہے کہ سابق کپتان اے بی ڈی ویلیئرز پہلے ہی کہہ چکے ہیں کہ آئی پی ایل نے ان کی ٹیم کو برباد کیا ہے۔