ناظر حسین محمد الشریف کی موجودگی میں قرعہ اندازی، 13 ہزار کورنمبرس کی شمولیت
حیدرآباد: 30 اپریل (سیاست نیوز) حج۔2024 کے منتخب عازمین کو مکہ مکرمہ کی نظام رباط میں قیام کی سہولت کے سلسلہ میں آج قرعہ اندازی کی گئی۔ ناظر رباط حسین محمد الشریف نے مکہ مکرمہ میں سابق ریاست حیدرآباد کے 45 اضلاع سے تعلق رکھنے والے 543 عازمین کو رہائش کی سہولت فراہم کرنے حکومت سعودی عرب سے تصریح حاصل کی ہے۔ کرناٹک، مہاراشٹرا اور تلنگانہ کے 45 اضلاع سے تعلق رکھنے والی جملہ 13959 عازمین حج کی قرعہ اندازی کرتے ہوئے 543 خوش نصیبوں کا انتخاب عمل میں آیا جنہیں مکہ مکرمہ کی رباط میں قیام کی سہولت حاصل ہوگی اور فی کس تقریباً 50 ہزار روپئے کی بچت ہوگی۔ 543 عازمین کی قرعہ اندازی کے علاوہ نظام فیملی کے لیے 10 نشستیں الاٹ کی گئیں جبکہ خادم الحجاج کے لیے 3 نشستیں الاٹ کی گئیں۔ عمارت میں جملہ 530 عازمین قیام کریں گے۔ 25 عازمین کی ویٹنگ لسٹ تیار کی گئی ہے۔ قرعہ اندازی میں تلنگانہ کے 8321، مہاراشٹرا 4525 اور کرناٹک کے 1111 عازمین کے کور نمبرس شامل کئے گئے۔ قرعہ اندازی کے موقع پر ناظر رباط محمد حسین الشریف نے رباط کی عمارت میں عازمین حج کے لیے فراہم کی جارہی سہولتوں سے واقف کرایا۔ اس موقع پر اسپیشل سکریٹری اقلیتی بہبود تفسیر اقبال آئی پی ایس، صدرنشین تلنگانہ حج کمیٹی مولانا غلام افضل بیابانی خسرو پاشاہ، رکن رباط کمیٹی ایم اے فیض خان اور محمد فتح فیض بن جنگ کے علاوہ ایگزیکٹیو آفیسر لیاقت حسین، اسسٹنٹ ایگزیکٹیو آفیسر عرفان شریف موجود تھے۔ کووڈ وباء کے سبب 2 سال تک ہندوستانی عازمین کے لیے حج کی اجازت نہیں تھی۔ جاریہ سال رباط کی سہولت فراہم کرنے کے لیے ایڈیٹر سیاست جناب زاہد علی خان اور نیوز ایڈیٹر جناب عامر علی خان نے ناظر رباط حسین محمد الشریف کو کامیابی ترغیب دی۔ حسین شریف کے مطابق رباط کی عمارت میں پکوان کی سہولت رہے گی۔ یہ عمارت حج کمیٹی کی عمارتوں کے قریب ہے۔ اس کے علاوہ ہر دو منٹ میں بس اسٹیشن تک پیدل پہنچ سکتے ہیں۔ میڈیکل سنٹر صرف 5 منٹ کے فاصلے پر ہے۔ تلنگانہ حج کمیٹی اور ریاستی حکومت نے جاریہ سال رباط کی سہولت فراہم کرنے پر ناظر حسین محمد الشریف کی ستائش کی۔1