سات منزلہ عمارت میں تمام تر بنیادی سہولتیں ، قیام وطعام اور دیگر خدمات مفت
حیدرآباد ۔ 31 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : ہر مسلمان کی یہ خواہش ہوتی ہے کہ اللہ تعالیٰ اسے زندگی میں ایک مرتبہ حج بیت اللہ کی سعادت نصیب فرمائے اور نبی کریم ﷺ کے روضہ مبارک کی حاضری سے مشرف کرے ۔ ہر سال لاکھوں کی تعداد میں فرزندان توحید حج بیت اللہ کی سعات حاصل کرتے ہیں اور جو اللہ کے مہمانوں کی مہمان نوازی کرتے ہیں یقینا وہ بہت خوش نصیب ہیں اس معاملہ میں خاندان آصف جاہی بڑا خوش نصیب خاندان ہے جس نے مکہ مکرمہ میں حیدرآباد دکن سے تعلق رکھنے والے عازمین اور معتمرین کی سہولت کے لیے رباط نظام کا سلسلہ شروع کیا ۔ اس معاملہ میں اشراف مکہ کے خاندان سے تعلق رکھنے والے شریف محمد ایڈوکیٹ اور ان کے ارکان خاندان بالخصوص ان کے فرزند حسین محمد الشریف بھی بڑے خوش نصیب ہیں جو گذشتہ 25 برسوں سے ناظر رباط نظام کی حیثیت سے نمایاں خدمات انجام دے رہے ہیں ۔ سیاست سے بات چیت کرتے ہوئے جناب حسین محمد الشریف نے بتایا کہ حرم شریف سے بالکل قریب رباط نظام ایک سات منزلہ خوبصورت عمارت ہے جو تمام سہولتوں سے آراستہ ہے جہاں حیدرآباد دکن ( سابقہ نظام اسٹیٹ ) سے تعلق رکھنے والے عازمین حج و معتمرین کو رہائش کی سہولت فراہم کی جاتی ہے ۔ مکہ مکرمہ میں اوقاف و رابطہ نظام حیدرآباد اپنی ایک منفرد پہچان رکھتا ہے ۔ جناب حسین محمد الشریف نے مزید بتایا کہ 7 منزلہ رباط نظام کی عمارت 3 لفٹس ، 110 کمروں پر مشتمل ہے جس میں543 عازمین / معتمرین کے رہنے کی گنجائش ہے ۔ چونکہ حیدرآباد سے عازمین پہلے شہر رسول اللہ ﷺ مدینہ منور پہنچے تھے وہاں قیام کے بعد کل ہی 277 عازمین جن کا تعلق تلنگانہ آندھرا پردیش اور کرناٹک سے ہے ۔ مکہ مکرمہ میں رباط نظام پہنچے جہاں ان کا بہ نفس نفیس انہوں نے خود استقبال کیا ۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ آج 53 عازمین مکہ مکرمہ پہنچنے والے ہیں ( یہ سطور پڑھنے تک وہ مکہ مکرمہ پہنچ چکے ہوں گے ) جب کہ کل یکم جون کو 61 عازمین کی مکہ مکرمہ میں آمد ہوگی ۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ 4 جون کو مہاراشٹرا سے تعلق رکھنے والے 141 اور 9 جون کو 18 عازمین مکہ مکرمہ میں رباط نظام پہنچ جائیں گے ۔ رباط نظام کے بارے میں مزید روشنی ڈالتے ہوئے 28 برسوں سے ناظر رباط نظام کی حیثیت سے نمایاں خدمات انجام دے رہے جناب حسین محمد الشریف نے بتایا کہ رباط نظام میں مسجد ، ائرن روم ، واشنگ مشینس معہ صابن و ڈٹرجنٹ کی سہولت فراہم کی گئی ہے ۔ اسی طرح عازمین میں ہر روز آب زمزم کی تقسیم عمل میں لائی جاتی ہے ۔ ہر کمرہ میں کچن ، واٹر ہیٹرس ، ریفریجریٹرس ، گیس سیلنڈرس / اسٹو ، ہر منزل پر پینے کے پانی کے فریجس ، وہیل چیرس 24 گھنٹے ہاوز کیپنگ اور استقبالیہ کے ساتھ ساتھ ہر منزل میں وائی فائی کی مفت سہولت فراہم کی گئی ہے ۔ رباط نظام میں ایک معلم کا بھی انتظام کیا گیا ہے ۔ ناظر رباط کے مطابق رباط نظام سے بس اسٹانڈ پیدل چلنے پر صرف دو منٹ کا فیصلہ ہے ۔ انڈین حج مشین کا فاصلہ بھی صرف دو منٹ میں پیدل طئے کیا جاسکتا ہے ۔ ہاسپٹل کا فاصلہ صرف 4 منٹ کا ہے ۔ گاڑی / بس میں رباط نظام سے منیٰ صرف 5 منٹ کا راستہ ہے جب کہ حرم شریف صرف 9 منٹ میں بذریعہ بس / کار پہنچا جاسکتا ہے ۔ یہاں اس بات کا تذکرہ ضروری ہوگا کہ جناب حسین محمد الشریف کے والد شریف محمد نے 28 برسوں تک ناظر رباط نظام کی حیثیت سے خدمات انجام دی اور خود حسین محمد الشریف 28 برسوں سے ان مقدس خدمات کی انجام دہی میں مصروف ہیں اور پچھلے 28 برسوں میں انہیں 1.20 لاکھ عازمین / معتمرین کی خدمات انجام دینے کا اللہ تعالیٰ نے اعزاز عطا کیا ہے ۔ کل کی رپورٹ میں مزید تفصیلات پیش کی جائیں گی ۔۔