ربر اسٹامپ کی نہیں بلکہ غور و فکر کرنے والے صدر کی ضرورت یشونت سنہا کا ریمارک

   

تھرواننتاپورم : اپوزیشن کے صدارتی امیدوار یشونت سنہا جو اپنی انتخابی مہم کی شروعات کے سلسلہ میں آج کیرالا کے دارالحکومت پہنچے ، انہوں نے کہا کہ ملک کو راشٹرپتی بھون میں کسی ربر اسٹامپ کی نہیں بلکہ غور و فکر اور لب کشائی کی جرأت رکھنے والے صدر کی ضرورت ہے ۔ وہ یہاں سی پی ایم زیرقیادت لیفٹ اور کانگریس زیرقیادت اپوزیشن قائدین اور لیجسلیٹرس کی میٹنگ کے بعد میڈیا سے بات چیت کررہے تھے ۔ انہوں نے بتایا کہ مشترکہ اپوزیشن کی طرف سے امیدوار بننے کی پیشکش انہوں نے اس لئے قبول کی کیونکہ ملک بہت مشکل دور سے گزررہا ہے ۔ عددی طاقت کے بارے میں پوچھنے پر سابق مرکزی وزیر نے کہا کہ عددی طاقت بھلے ہی ان کے حق میں نہیں ہے لیکن ہر الیکشن اعدادکے بل بوتے پر نہیں لڑا جاتا ہے ۔

یشونت سنہا کیرالا کے ایم ایل ایز، ایم پیز سے ملاقات کریں گے
تھرواننتاپورم : ملک کے اعلیٰ ترین عہدہ یعنی صدر جمہوریہ کے لیے انتخاب 18 جولائی کو ہونا ہے اور اس کے نتائج کا اعلان 21 جولائی کو کیا جائے گا۔ دروپدی مرمو نے حکمراں این ڈی اے اور اپوزیشن کی جانب سے یشونت سنہا کے لیے درخواست دائر کی ہے ۔ مسٹر سنہا چہارشنبہ کو کیرالہ سے اپنی انتخابی مہم شروع کریں گے ۔ اس کے تحت وہ کیرالہ کے ایم ایل ایز اور ایم پی سے ملاقات کریں گے۔وہ آج دوپہر اسمبلی کے شنکر نارائنن ٹمپی ہال میں ایم ایل ایز اور ایم پی سے ملاقات کریں گے ۔ وہ حکمراں لیفٹ ڈیموکریٹک فرنٹ (ایل ڈی ایف) اور اپوزیشن اتحاد یونائیٹڈ ڈیموکریٹک فرنٹ (یو ڈی ایف) سے الگ الگ ملاقاتیں کریں گے ۔سابق مرکزی خزانہ اور خارجہ امور کے وزیر کا منگل کی شام کو ہوائی اڈے پر اپوزیشن لیڈر وی ڈی ساتھیسن اور انڈین یونین مسلم لیگ کے لیڈر کنہالی کٹی نے استقبال کیا۔ بعد میں رات کو کیرالہ کے وزیر صنعت پی راجیو نے میسکوٹ ہوٹل میں ان سے ملاقات کی۔بعدازاں، کیرالہ ریاستی کانگریس کمیٹی کے صدر کے سدھاکرن نے الزام لگایا کہ حکمراں سی پی آئی (ایم) کے لیڈروں نے ریاست میں سونے کی اسمگلنگ کی جاری ای ڈی (انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ) کی تحقیقات کے تناظر میں وزیر اعظم نریندر مودی کو خوش کرنے کے لیے سیاسی کھیل کے حصہ کے طورپر ہوائی اڈے پر یشونت سنہا کا استقبال کرنے سے جان بوجھ کر پرہیز کیا۔

w