ممبئی ۔ ہندوستان کے مشہور صنعت کار رتن ٹاٹا چہارشنبہ کی رات دیرگئے ، 86 سال کی عمر میں آخری سانس لی۔ رتن ٹاٹا گزشتہ کچھ دنوں سے بیمار تھے جس کی وجہ سے انہیں ممبئی کے بریچ کینڈی اسپتال میں داخل کروایا گیا تھا۔ ان کی موت پر ملک بھر میں غم کا ماحول ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی سمیت کھیلوں کی دنیا کے کئی کھلاڑیوں نے اس پر غم کا اظہار کیا۔ ہندوستان کی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان سوریا کمار یادو نے اپنے غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایک دور ختم ہو گیا ہے۔ ان کے علاوہ وریندر سہواگ، شیکھر دھون اور ہربھجن سنگھ سمیت کئی تجربہ کارکرکٹرز نے رتن ٹاٹا کو خراج عقیدت پیش کیا۔ پیرس اولمپکس سلور میڈلسٹ نیرج چوپڑا نے رتن ٹاٹا کے انتقال پر اپنے غم کا اظہار کیا۔ وہ کافی جذباتی نظر آئے اور کہا کہ رتن ٹاٹا ایک وژنری شخص تھے اور وہ ان کے ساتھ ہونے والی گفتگو کوکبھی نہیں بھولیں گے۔
روٹ نے سچن کا ریکارڈ برابر کرلیا
ملتان ۔ جو روٹ ان دنوں اپنے بیٹ سے آگ اگل رہے ہیں۔ انہوں نے گزشتہ 3 سالوں میں رنز اور سنچریوں کے ساتھ کئی ریکارڈ قائم کیے ہیں۔ وہ ہر سیریز میں کوئی نہ کوئی ریکارڈ توڑ رہے ہیں ۔ ملتان میں پاکستان کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ کے تیسرے دن انہوں نے 72 رنز بنائے اور ایلسٹر کک کو پیچھے چھوڑتے ہوئے انگلینڈ کی جانب سے سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی بن گئے۔ اس کے علاوہ روٹ نے اپنی 35 ویں ٹسٹ سنچری کے ساتھ برائن لارا، سنیل گواسکر، مہیلا جے وردھنے اور یونس خان کا 34 سنچریوں کا ریکارڈ توڑدیا۔ اب انہوں نے ملتان ٹسٹ میں اپنے ٹسٹ کیریئر کی چھٹی ڈبل سنچری بناکر تاریخ رقم کردی ہے۔ اس کے ساتھ انہوں نے سچن کی بھی برابری کر لی ہے۔ سچن نے اپنے ٹسٹ کیریئر میں 6 ڈبل سنچریاں بھی بنائیں۔ جو روٹ ملتان ٹسٹ کے تیسرے روز176 رنز بنانے کے بعد ناقابل شکست واپس لوٹے۔ آج چوتھے دن کے پہلے سیشن میں انہوں نے24 رنز جوڑنے کے بعد ڈبل سنچری اسکورکی۔ اس کے لیے انھوں نے 305 گیندوں کا سامنا کیا۔ تاہم جب روٹ 186کے سکور پر تھے تو پاکستان کے پاس انہیں آؤٹ کرنے کا موقع تھا لیکن بابر اعظم نے نسیم شاہ کی گیند پر آسان کیچ چھوڑ دیا۔