سعودی عرب کے شاہ سلمان دوسرے نمبر پر ، صدر ایران حسن روحانی تیسرے نمبر پر ، عالمی لیڈروں میں جرمن چانسلرانجیلا مرکل پہلے نمبر پر
نیویارک ۔ /14 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ کے مشہور ادارہ گیلپ انٹرنیشنل نے پسندیدہ عالمی رہنماؤں کی فہرست جاری کردی ہے ۔ صدر ترکی رجب طیب اردغان مسلم ممالک کے پسندیدہ ترین رہنماؤں میں سرفہرست ہیں ۔ رجب طیب اردغان کو ترکی کے علاوہ مسلم دنیا کے عوام پسند کرتے ہیں ۔ عالم اسلام کی سربلندی کیلئے رجب طیب اردغان کی کوششوں کی ستائش کی جاتی ہے ۔ انہوں نے عالمی سطح پر مسلم دنیا کو درپیش مسائل کو اجاگر کرنے میں اہم رول ادا کیا ہے ۔ گیلپ انٹرنیشنل ادارے نے دنیا بھر سے 5 ہزار 261 افراد سے ان کی آراء معلوم کرتے ہوئے یہ فہرست تیار کی ہے ۔ سروے کے مطابق مسلم ممالک میں رجب طیب ارذعان کے بعد دیگر جن لیڈروں کو پسند کیا جاتا ہے ان میں سعودی عرب کے فرمانروا خادم حرمین شریفین شاہ سلمان دوسرے نمبر پر ہیں جبکہ صدر ایران حسن روحانی تیسرے نمبر پر ہیں ۔ شاہ سلمان نے سعودی عرب کو ترقی دینے کیلئے 2030 ویژن کے ساتھ تعمیراتی کام انجام دینا شروع کئے ہیں ۔ سالانہ فریضہ حج کی ادائیگی کیلئے آنے والے لاکھوں مسلمانوں کیلئے موثر انتظامات کیلئے بھی ان کی کوششوں کی ستائش کی گئی ہے ۔ صدر ایران حسن روحانی کو عالم اسلام میں پسند کیا جاتا ہے اور انہیں تیسرے نمبر پر رکھا گیا ہے ۔ سروے کے دوران 46 فیصد افراد نے عالمی پسندیدہ رہنماؤں میں جرمن کی چانسلر انجیلا مرکل کو پہلا نمبر دیا ہے ۔ ان کے بعد صدر فرانس ایمونل میکرون کو 40 فیصد ووٹ ملے ہیں ۔ صدر روس ولادیمیر پوٹین کو 36 فیصد عوام نے پسند کیا ہے ۔ صدر امریکہ ڈونالڈ ٹرمپ کیلئے 31 فیصد ، برطانوی وزیراعظم بورس جانسن کو 30 فیصد اور صدر چین ژی ژپنگ کو 29 فیصد ووٹ ملے ہیں ۔ صدر برازیل کو 21 فیصد اور وزیراعظم اسرائیل کو بھی 21 فیصد ووٹ ملے ہیں اور وزیراعظم نریندر مودی کو 26 فیصد ووٹ ملے ہیں ۔