رجسٹرڈ غیر مسلمہ سیاسی جماعتوں کی تعداد میںدوگنا اضافہ

   

نئی دہلی ۔ ملک میں 2010 سے 2019 کے درمیان رجسٹرڈ غیر مسلمہ سیاسی جماعتوں کی تعداد میں دوگنا اضافہ ہوا ہے ۔ اسوسی ایشن آف ڈیموکریٹک ریفارمس ( اے ڈی آر ) کی ایک رپورٹ میں یہ بات بتائی گئی ہے ۔ جو جماعتیں نئی رجسٹرڈ ہوتی ہیں یا پھر جو جماعتیں اسمبلی یا عام انتخابات میں خاطر خواہ تعداد میں ووٹ حاصل نہیں کرپاتیں یا پھر جو جماعتیں اپنے رجسٹریشن کے بعد سے انتخابات میں حصہ نہ لیں انہیںغیر مسلمہ سیاسی جماعت قرار دیا جاتا ہے ۔ 2010 میں ان جماعتوں کی تعداد 1,112 تھی جو 2019 تک بڑھ کر 2,301 ہوگئی ہے ۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ رجسٹرڈ غیر مسلمہ سیاسی جماعتوں کی تعداد میں درج بالا وقفہ کے دوران دوگنا اضافہ ہوا ہے ۔ کہا گیا ہے کہ 2018-19 کے دوران ان جماعتوں کی تعداد میں 9.8 فیصد اضافہ ہوا جبکہ 2013-14 کے درمیان اس میں 18 فیصد کا اضافہ درج کیا گیا تھا ۔ کہا گیا ہے کہ پارلیمانی انتخابات کے وقت میں رجسٹرڈ غیر مسلمہ جماعتوں کی تعداد میں بھاری اضافہ ہوا ہے ۔ کہا گیا ہے کہ رجسرڈ غیر مسلمہ سیاسی جماعتوں کو جملہ 6,860 عطیات وصول ہوئے ہیں جن کی جملہ مالیت 65.45 کروڑ روپئے بتائی گئی ہے ۔ یہ عطیات 2018-19 میںدئے گئے تھے جبکہ 2017-18 میں جملہ 6,138 عطیات دئے گئے جن کی مالیت 24.6 کروڑ روپئے بتائی گئی ہے ۔ کہا گیا ہے کہ دونوں ہی مواقع پر اترپردیش میں سب سے زیادہ عطیات ان غیر مسلمہ سیاسی جماعتوں کو حاصل ہوئے ہیں۔