رجسٹریشن آفس نظام آباد ،عارضی طور پر بند

   

6ملازمین کے بشمول 16ا فراد کی کوویڈ رپورٹ مثبت ، رائس ملز کے 46 مزدور بھی متاثر

نظام آباد ۔ ضلع نظام آباد میں کورونا کی وبا میں دن بہ دن اضافہ ہوتا جارہا ہے اور ہر روز ضلع میں سینکڑوں کیسیس درج ہوتے جارہے ہیں ۔ سرکاری دفاتر ، شاپنگ مالس کے علاوہ دیگر اداروں میں کام کرنے والے افراد متاثر ہوتے جارہے ہیں ۔ وباء کی شدت کو دیکھتے ہوئے ضلع انتظامیہ کی جانب سے ٹسٹوں میں بھی اضافہ کیا جارہا ہے ۔ نظام آباد رجسٹریشن آفس میں کام کرنے والے ملازمین بھی متاثر ہوئے ہیں ۔ رجسٹریشن آفس میں کام کرنے والے 6 ملازمین اور ڈاکومنٹ رائٹرس اور رجسٹریشن کو آنے والے افراد کا معائنہ کرنے پر 16 افراد پازٹیوپائے گئے ہیں ۔ رجسٹریشن آفس میں قواعد کو مکمل طور پر نظرانداز کیا جارہا ہے ، رجسٹریشن آفس کویتا کامپلکس میں واقع ہے اور سینکڑوں افراد کی آمد و رفت ہوتی ہے ۔ 6 ملازمین متاثر ہونے کے بعد اربن آفس کو عارضی طور پر بند کرتے ہوئے آفس کو سینٹائز کیا گیا ۔ پیر کے روز سے دوبارہ آفس کا کام کاج شروع ہونے کے امکانات ہیں ۔ شہر کے سری نگر علاقے میں واقع ایک رائس مل میں 46 افراد متاثر ہونے پر عارضی طور پر بند کردیا گیا جبکہ کام کرنے والوں میں مقامی مزدوروں کے علاوہ بہار سے تعلق رکھنے والے 40 مزدور شامل ہیں ۔ ضلع کے سرحد پر واقع گنداکرتی ، پوتنگل کے درمیان چیک پوسٹ قائم کیا گیا ہے ۔ مہاراشٹرا کے دیگلور اور پوتنگل کے درمیان 30 کیلو میٹر کا فاصلہ ہے اور اس علاقے سے ہر روز سینکڑوں افراد کی آمد و رفت جاری ہے ۔ مارچ سے یہاں پر چیک پوسٹ قائم کیا گیا لیکن چیک پوسٹ پر پولیس کی عدم موجودگی سے آنے والے افراد پر نظر نہیں رکھی جارہی ہے ۔ 17 مارچ سے 450 افراد کا معائنہ کیا گیا ہے ۔ مہاراشٹرا میں بڑھتی ہوئی وباء کے پیش نظر ان کی آمد و رفت پر پبندی لگانا ضروری سمجھا جارہا ہے ، ریجنل منڈل کے مہاراشٹرا کے درما آباد 15 کیلو میٹر پر واقع ہے ۔ اور درما آباد میں ہر اتوار کے روز بازار ہوتا ہے ۔ جمعہ اور پیر کے روز ساٹاپور میں بکروں کا بازار ہوتا ہے اور اس بازار میں ہزاروں کی تعداد میں دونوں علاقوں سے آمد و رفت ہوتی ہے اس سے بھی وبا میں اضافہ ہوتا جارہا ہے ان حالات کو دیکھتے ہوئے مہاراشٹرا کے سرحدوں سے آنے والوں پر پابندی عائد کرنے کی صورت میں وبا پر قابو پانے کے امکانات ظاہر ہورہے ہیں ۔