حیدرآباد۔ رجسٹریشن و اسٹامپس محکمہ کے کمشنر و انسپکٹر جنرل وی شیشادری نے آج کہا کہ محکمہ رجسٹریشن کے عملہ کو ہفتہ اور اتوار کو تعطیل کے باوجود اپنے دفاتر میں تادیر موجود رہنا پڑے گا تاکہ وہ تمام اقدامات اور ڈمی رجسٹریشن کرسکیں کیونکہ 14 ڈسمبر سے ریاست میں غیر زرعی جائیدادوں کے رجسٹریشن کا عمل کارڈ سسٹم پر شروع ہونے والا ہے ۔ ایک میمو جاری کرکے انہوں نے ضلع رجسٹرارس و سب رجسٹرارس سے کہا کہ وہ 12 اور 13 ڈسمبر کو دفاتر میں موجود رہیں۔ انہوں نے ضلع رجسٹرارس کو مشورہ دیا کہ وہ سب رجسٹرار دفاتر میں سرگرمیوں پر قریبی نظر رکھیں اور اگر کوئی بے قاعدگی ہوتی ہے تو اس کا سخت نوٹ لیا جائیگا۔ محکمہ رجسٹریشن کی جانب سے غیر زرعی جائیدادوں کے رجسٹریشن کا آغاز کرنے کل جمعہ 11 ڈسمبر سے ہی سلاٹ بکنگ کا آغاز کردیا گیا ۔ ہائیکورٹ ہدایت کے بعد سلاٹ بکنگ شروع کردی گئی ہے ۔ حکومت نے احکام جاری کرکے واضح کردیا تھا کہ عدالت کی ہدایات کے بعد صرف سلاٹ بکنگ کے ذریعہ ہی غیر زرعی جائیدادوں کا رجسٹریشن کیا جائیگا ۔ بغیر سلاٹ بکنگ کوئی رجسٹریشن نہیں کیا جائیگا اور تمام درکار فیس اور ڈیوٹی ادا کرکے سلاٹ بکنگ کی جاسکتی ہے ۔ سب رجسٹرار دفاتر میں بھی صرف انہیں افراد کو آنے کا مشورہ دیا گیا ہے جنہوں نے سلاٹ بکنگ کی ہو۔