دھرانی پورٹل کے نام پر تجربات ، رکن اسمبلی جگا ریڈی کا بیان
حیدرآباد: کانگریس رکن اسمبلی جگا ریڈی نے الزام عائد کیا کہ حکومت نے رجسٹریشن محکمہ کو ریسرچ سنٹر میں تبدیل کردیا جس کا خمیازہ عوام کو بھگتنا پڑ رہا ہے ۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے جگا ریڈی نے کہا کہ دھرانی پورٹل کے نام پر حکومت تجربے کر رہی ہے اور اعلیٰ عہدیدار چیف منسٹر کو گمراہ کر رہے ہیں۔ رجسٹریشن میں تجربات سے سرکاری خزانہ پر منفی اثرات ہوئے کیونکہ گزشتہ چار ماہ سے رجسٹریشن بند ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاک ڈاؤن سے پریشان عوام بچوںکی شادی ، تجارت یا دیگر ضرورتوں کیلئے اراضیات کو فروخت کرنا چاہتے ہیں ۔ رجسٹریشن بند ہونے سے ضرورتمندوں کو قرض ملنا دشوار ہوچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چھوٹے اور متوسط کاروباری لاک ڈاؤن کے بعد پریشان ہیں۔ جگا ریڈی نے کہا کہ دھرانی پورٹل کی کوئی ضرورت نہیں تھی۔ پورٹل سے قبل جائیدادیں اور اراضیات محفوظ تھیں اور مالکین کو کوئی خطرہ نہیں تھا۔ عہدیداروں نے چیف منسٹر کو گمراہ کرکے دھرانی کا نیا شوشہ چھوڑا جو عوام کیلئے مصیبت بن چکا ہے ۔ علاج کیلئے لاکھوں روپئے کی ضرورت ہے اور لوگ اپنی جائیدادیں فروخت کرنے آمادہ ہیں لیکن کوئی خریدار موجود نہیں۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ قدیم طریقہ کار کے مطابق رجسٹریشن کا عمل بحال کیا جائے تاکہ رئیل اسٹیٹ کاروبار بحال ہوسکے ۔ جگا ریڈی نے کہا کہ کابینی سب کمیٹی کی تشکیل سے دشواریوں میں کوئی کمی نہیں آئے گی۔
