رجنی کانت اور کمل ہاسن کی فلم کا پرومو جاری

   

چنئی، 21 فروری (آئی اے این ایس) ہدایت کار نیلسن دلیپ کمار کی بے حد انتظار کی جانے والی فلم جس میں تمل سنیما کے دو سوپر اسٹار رجنی کانت اور کمل ہاسن مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں، اس کا شاندار پرومو ہفتہ کو جاری کردیا گیا جس سے مداحوں اور فلم شائقین میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔ اس فلم کو عارضی طور پر کے ایچ ایکس آر کے کہا جا رہا ہے، جس کی موسیقی انیرْدھ روی چندر نے ترتیب دی ہے، اور تقریباً 47 سال بعد رجنی کانت اور کمل ہاسن ایک ساتھ کسی فلم میں نظر آئیں گے۔ پرومو میں ہدایت کار نیلسن ایک ہوٹل کے راہداری میں کھڑے سوچ رہے ہوتے ہیں کہ پہلے کس کمرے میں جائیں، اتنے میں موسیقار انیرْدھ دھن گنگناتے ہوئے آتے ہیں اور دو انگلیاں دکھا کرکہتے ہیں ایک کو چھوئیں۔ نیلسن پوچھتے ہیں یہ کس لیے؟ انیرْدھ جواب دیتے ہیں: شنموگھ پریا یا کوکلا پریا؟” نیلسن معصومانہ انداز میں پوچھتے ہیں: ہیروئنز؟ انیرْدھ کہتے ہیں: یہ راگ ہیں۔ پھر خود ہی کہتے ہیں کہ میری آواز ٹھیک نہیں، چلوکراگراپریا ہی ٹھیک ہے اور چل دیتے ہیں۔ بعد میں نیلسن کمل ہاسن کے کمرے میں جاتے ہیں جہاں وہ بلیزرکا انتخاب بدل دیتے ہیں جب نیلسن بتاتے ہیں کہ رجنی کانت نے بھی یہی منتخب کیا ہے۔ پھر رجنی کانت کے کمرے میں جوتوں کے انتخاب کے وقت وہ بھی اپنی پسند بدل دیتے ہیں جب سنتے ہیں کہ وہ جوتے کمل ہاسن پر بھی اچھے لگ رہے ہیں۔ آخر میں دونوں اداکار ریٹرو انداز میں ایک ساتھ باہر آتے ہیں اور کار میں بیٹھ جاتے ہیں۔ کار میں انیرْدھ کہتے ہیں کہ ایک تھیم میوزک تیار ہے جو بیتھوون اور بپی لہری کے انداز کا امتزاج ہے، کیا سنیں؟ اس پر کمل ہاسن پوچھتے ہیں یہ سب بعد میں، پہلے بتاؤ ہیروکون ہے؟ رجنی کانت بھی یہی سوال دہراتے ہیں اور نیلسن کے حیران چہرے کے ساتھ کار روانہ ہو جاتی ہے۔ یہ فلم ریڈ جائنٹ موویز کے بینر تلے بن رہی ہے جبکہ سنیماٹوگرافی معروف فلم ساز اورکیمرہ مین راجیو مینن کریں گے۔ پروڈکشن ہاؤس نے اپنے بیان میں کہا کہ تاریخ کم ہی خودکو دہراتی ہے، مگر جب دہراتی ہے تو نسلوں کے لیے جشن بن جاتی ہے۔ دو عظیم لیجنڈز کا دوبارہ ایک ساتھ، ہمارے لیے باعثِ فخر ہے اوریہ ان فنکاروں کے نام ایک جشن ہوگا جنہیں ہم برسوں سے پردہ سیمیں پر دیکھتے آئے ہیں۔