رجنی کانت سنگھ اڈیشہ اسمبلی کے بلامقابلہ ڈپٹی اسپیکرمنتخب

   

بھونیشور، 27 جون (سیاست ڈاٹ کام ) بیجو جنتا دل (بی جے ڈی)رکن اسمبلی رجنی کانت سنگھ جمعرات کو عام رضامندی سے اڈیشہ اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر منتخب کئے گئے ۔وزیراعلیٰ اور ایوان کے لیڈر نوین پٹنائک نے سنگھ کے نام کو اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر کے طو رپرتجویز کیا اور اسمبلی معاملوں کے وزیر بکرم کیسری نے تجویز کی حمایت کی۔اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر عہدے کیلئے بی جے پی اور کسی دیگر پارٹی نے اس عہدے کے لئے امیدوار کھڑا نہیں کیا تھا اور مسٹر سنگھ بلامقابلہ منتخب قرار دیئے گئے ۔کانگریس اسمبلی کے لیڈر نرسنگھ مشرا اور مارکسی کمیونسٹ پارٹی (سی پی ایم) نے سنگھ کو ڈپٹی اسپیکر منتخب کئے جانے پر مبارک باد دی اور ایوان چلانے میں مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ دونوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ رجنی کانت سنگھ ایوان کے وقار کو قائم رکھنے کے لئے اپنی ذمہ داریوں کو غیر جانبدارانہ طریقہ سے نبھائیں گے ۔اسمبلی کے اسپیکر سوریہ نارائن پوترو نے مسٹر سنگھ کے بلامقابلہ ڈپٹی اسپیکر منتخب کئے جانے پر سبھی اراکین کا شکریہ ادا کیا اور اپیل کی کہ سبھی ممبران اسمبلی ایوان کی کارروائی پرامن طریقہ سے چلانے میں تعاون دیں گے ۔