جنوری میں پارٹی کی شروعات۔ ٹاملناڈو اسمبلی کے چناؤ 2021 ء لڑنے کا منصوبہ
چینائی : سوپر اسٹار رجنی کانت نے آخرکار جمعرات کو واضح کیاکہ وہ جنوری 2021 ء میں اپنی سیاسی پارٹی کا آغاز کریں گے، جس کے ساتھ برسوں سے جاری تجسس دور ہوگیا اور سوپر اسٹار کے بے شمار حامیوں اور مداحوں کو بڑا حوصلہ ملا ہے۔ سرکردہ اسٹار جو اپنے مخصوص نوعیت کے سیاسی نظریات پیش کرتے آئے ہیں، آج اُنھوں نے ڈرامائی طور پر دعویٰ کیاکہ وہ عوام کی بہبود کی خاطر سیاسی میدان میں کود کر اپنی جان کو جوکھم میں ڈالنے تیار ہیں۔ 70 سالہ ایکٹر نے کھل کر واضح کردیا کہ اُن کی پارٹی 2021 ء میں ریاستی اسمبلی انتخابات لڑے گی اور کامیاب ہوگی۔ ٹاملناڈو میں اسمبلی انتخابات اپریل ۔ مئی 2021 ء میں منعقد شدنی ہیں۔ رجنی کانت نے اعتماد ظاہر کیاکہ اُن کی پارٹی متوقع پارٹی عوام کی زبردست تائید و حمایت کے ساتھ انتخابات جیتے گی۔ اُنھوں نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر کہاکہ آنے والے اسمبلی چناؤ میںخاص فطری اور روحانی نوعیت کی سیاست اُبھر کر آئے گی۔ یقینا سیاسی میدان میں عجوبہ واقع ہوگا۔ پارٹی لانچنگ سے متعلق اُمور کا 31 ڈسمبر کو اعلان کیا جائے گا۔ بعدازاں اپنی پوئس گارڈن قیامگاہ میں میڈیا سے بات چیت میں یاد دہانی کرائی کہ اُنھوں نے 31 ڈسمبر 2017 ء کو اعلان کیا تھا کہ وہ 2021 ء کے چناؤ سے قبل اپنی سیاسی پارٹی شروع کریں گے جو ریاست میں تمام 234 حلقوں سے انتخاب لڑے گی۔ اُنھوں نے کہاکہ وہ ریاست بھر کا دورہ کرنے کا منصوبہ بناچکے تھے تاہم کورونا وائرس وباء کے تناظر میں اِس منصوبے کو آگے نہیں بڑھایا جاسکا۔