پٹنہ، 26 مارچ (یو این آئی) رحمانی 30 کے دو ہونہار طلبہ محمد ریحان شاہد اور محمد ریحان پرویز نے نہایت مسابقتی اسکالرشپ انتخابی عمل میں کامیابی حاصل کرتے ہوئے ترکی اور اٹلی کی ممتاز میڈیکل یونیورسٹیوں میں مکمل مالیاتی اعانت سے ایم بی بی ایس پروگرام میں داخلہ حاصل کیا ہے ۔ محمد ریحان، جو پٹنہ سے تعلق رکھتے ہیں، کواستنبول یونیورسٹی فیکلٹی آف میڈیسن، ترکی میں داخلہ ملا ہے ۔ اسی طرح محمد ریحان پرویز، جو مغربی چمپارن، بہار سے ہیں، کو یونیورسٹی آف کیٹینیا، اٹلی میں داخلہ حاصل ہوا ہے ۔ دونوں طلبہ آر30 بیچ 2022۔24 سے ہیں۔ ریحان شاہد نے ایک بین الاقوامی اسکالرشپ امتحان کے ذریعے کامیابی حاصل کی، جب کہ ریحان پرویز کو ایک باوقار بین الاقوامی میڈیکل اسکالرشپ ملی۔ ان اسکالرشپس کے تحت پورے ایم بی بی ایس کورس کی 100فی صد ٹیوشن فیس، سفری معاونت اور رہائش، کھانے پینے اور دیگر ضروری اخراجات کیلئے ماہانہ وظیفہ فراہم کیا جائے گا۔ رحمانی30 کے مطابق یہ داخلے طلبہ کی میرٹ، تعلیمی کارکردگی اور عالمی سطح کے انتخابی عمل کی بنیاد پر حاصل ہوئے ہیں۔ یہ کامیابی رحمانی30 کے اس کام کے دائرے کو مزید وسیع کرتی ہے ، جس کے تحت اب تک طلبہ کو ہندوستان کے قومی اہمیت کے حامل ادارے اور دیگر نمایاں تعلیمی راستوں کیلئے تیار کیا جاتا رہا ہے ۔ اب یہ پہل بین الاقوامی اعلیٰ تعلیم کے مواقع تک بھی پہنچ رہی ہے ۔ اس سمت کا تصور اور اس کی ترغیب رحمانی30 کے مرحوم سرپرست حضرت مولانا محمدولی رحمانیؒ نے دی تھی۔