ریاستی وزیر جی ویویک سے مقامی افراد کی نمائندگی، محمد اظہرالدین اور عبید اللہ کوتوال کی شرکت
حیدرآباد ۔ 29 ۔ اگست (سیاست نیوز) جوبلی ہلز اسمبلی حلقہ کے ضمنی چناؤ میں کانگریس کی انتخابی مہم میں شدت پیدا کردی گئی ہے۔ رحمت نگر ڈیویژن کے تحت آج پارٹی قائدین اور کارکنوں کا اجلاس منعقد ہوا جس میں ریاستی وزیر لیبر جی ویویک وینکٹ سوامی ، صدرنشین اقلیتی فینانس کارپوریشن ، عبید اللہ کوتوال، سابق رکن پارلیمنٹ محمد اظہرالدین اور پردیش کانگریس کمیٹی کے ترجمان سید نظام الدین نے شرکت کی ۔ رحمت نگر کے مقامی افراد نے مسلم قبرستان کے لئے جگہ الاٹ کرنے کی درخواست کے ساتھ یادداشت پیش کی۔ کانگریس قائدین نے تیقن دیا کہ اس سلسلہ میں چیف منسٹر سے نمائندگی کرتے ہوئے مسلم قبرستان کیلئے اراضی الاٹ کی جائے گی۔ اجلاس میں سینکڑوں کی تعداد میں مقامی افراد نے شرکت کی اور اپنے مسائل سے واقف کرایا۔ رحمت نگر کے مقامی مسلمان طویل عرصہ سے مسلم قبرستان کیلئے اراضی الاٹ کرنے کی مانگ کر رہے ہیں ۔ عبید اللہ کوتوال نے اس مسئلہ کی یکسوئی کا تیقن دیا اور کہا کہ ریونت ریڈی کی زیر قیادت کانگریس حکومت عوامی مسائل کی یکسوئی میں سنجیدہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقلیتی فینانس کارپوریشن کے ذریعہ غریب اور مستحق خاندانوں کی معاشی ترقی کے لئے اسکیمات متعارف کی گئی ہے۔ ریاستی وزیر ویویک وینکٹ سوامی نے عوام سے اپیل کی کہ وہ کانگریس پارٹی کو ضمنی چناؤ میں بھاری اکثریت سے کامیاب بنائیں تاکہ علاقہ کی ترقی ہوسکے۔ محمد اظہرالدین نے کہا کہ جوبلی ہلز کانگریس پارٹی کا مضبوط قلعہ ہے اور حکومت مقامی مسائل کی یکسوئی میں سنجیدہ ہے۔ اظہرالدین نے مقامی افراد کو بھروسہ دلایا کہ وہ ان کے مسائل کے حل کے لئے حکومت سے نمائندگی کریں گے۔1