21 اپریل کو ڈیوٹی پر رجوع ہونے احمد ندیم کی ہدایت
حیدرآباد۔ 20 اپریل (سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت نے چیف ایگزیکٹیو آفیسر وقف بورڈ عبدالحمید کی رخصت میں توسیع سے متعلق درخواست کو مسترد کرتے ہوئے ہدایت دی ہے کہ 21 اپریل کو وہ ڈیوٹی پر رجوع ہوجائیں اور فوری حکومت کو رپورٹ دیں۔ سکریٹری اقلیتی بہبود احمد ندیم نے اس سلسلہ میں احکامات جاری کئے۔ احکامات میں بتایا گیا ہے کہ عبدالحمید چیف ایگزیکٹیو آفیسر وقف بورڈ نے 16 ڈسمبر 2019ء تا 15 اپریل 2020ء رخصت حاصل کی تھی جسے حکومت نے منظور کرلیا تھا۔ عبدالحمید نے حکومت کو نئی درخواست پیش کرتے ہوئے 16 اپریل تا 22 جون رخصت میں توسیع کی خواہش کی۔ حکومت نے کووڈ۔19 کی موجودہ صورتحال کو پیش نظر رکھتے ہوئے عبدالحمید کی درخواست مسترد کردیا ہے۔ انہیں ہدایت دی گئی ہے کہ وہ 21 اپریل کو ڈیوٹی پر بہرصورت رجوع ہوجائیں اور اس سلسلہ میں حکومت کو رپورٹ پیش کریں۔ واضح رہے کہ عبدالحمید کو وقف بورڈ میں خدمات انجام دینے سے دلچسپی نہیں تھی لہٰذا انہوں نے طویل رخصت حاصل کرلی تھی۔ ان کے غیاب میں ڈسٹرکٹ میناریٹی ویلفیر آفیسر محمد قاسم کو انچارج سی ای او مقرر کیا گیا۔ وقف بورڈ نے اپنے حالیہ اجلاس میں محمد قاسم کو اختیارات کے ساتھ اضافی ذمہ داری دینے کی حکومت سے درخواست کی۔ اسی دوران عبدالحمید نے رخصت میں توسیع کے لیے درخواست دی جسے مسترد کرتے ہوئے ڈیوٹی پر رجوع ہونے کی ہدایت دی گئی ہے۔
