چینائی۔ 25 جون (سیاست ڈاٹ کام) راجیو گاندھی قتل کیس میں عمر قید سزا کاٹنے والی نلنی سری ہرن کو جس نے اپنی بیٹی کی شادی کی تیاریوں میں حصہ لینے کیلئے 6 ماہ کی رخصت طلب کی ہے۔ عدالت نے اس کو شخصی طور پر عدالت میں حاضر ہونے کا حکم دیا ہے۔ جسٹس ایم ایم سندریش اور جسٹس ایم نرمل کمار پر مشتمل بینچ نے نلنی کو 5 جولائی 2:15 بجے شخصی طور پر حاضر عدالت ہونے کیلئے کہا ہے تاکہ اس کی درخواست پر بحث کی جاسکے۔ نلنی 27 سال سے جیل کی سزا بھگت رہی ہے۔ عدالت نے سپرنٹنڈنٹ آف پولیس اسپیشل پریزن برائے خواتین ویلور کو ہدایت دی کہ وہ نلنی کو حاضر عدالت کی اجازت دیں تاکہ وہ شخصی طور پر اپنی چھٹی کی درخواست پر بحث میں حصہ لے سکے۔ کیونکہ عدالت اس کے حاضر عدالت ہونے کے حق کو فراموش نہیں کرسکتی۔ نلنی کے مطابق عمر قید کے سزا یافتہ ہر قیدی کو دو سال میں ایک ماہ کی رخصت دی جاتی ہے، لیکن گزشتہ 7 سال سے اس نے اس سہولت کا استعمال نہیں کیا ہے۔
