رسول اللہ ؐ کی خوشنودی کیلئے یتیموں پر شفقت ، مساکین کی مدد ناگزیر عالمی میلاد ؐکانفرنس سے مولانا پیر نقشبندی کا آن لائن خطاب

   

Ferty9 Clinic

حیدرآباد۔/27 اکٹوبر، ( راست )حضور سر ور کائنات محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وسلم نے یتیموں ، غرباء و مساکین کے ساتھ شفقت محبت اور اخلاص سے پیش آنے کا انمول عمل فرما تے ہوئے امت محمدیہؐ کو صبح قیامت تک ایک ایسا درس دیا جو یقینا ً ہر امتی کیلئے اللہ تعالیٰ اوراللہ کے حبیب رسول اللہ کی خوشنودی کا باعث ہے۔ ان جذبات و احساسات کے ساتھ عالمی قرآنی پیام محمدیؐ مہم کے محرک مولانا پیر سید شبیر نقشبندی افتخاری نے ظہور نور محمدی ؐ کے اس ماہ مبارکہ ربیع المنورہ کے پر مسرت موقع پر اسلام کے مختلف عقائد و مسلک سے وابستہ علماء و اسلامک اسکالرس کے منعقدہ عالمی میلاد کانفرنس سے خطاب کر تے ہوئے کیا۔مولانا پیر نقشبندی نے اشکبار آنکھوں کے ساتھ شمع محمدیؐ کے پروانوں پر زور دیا کہ وہ یتیم بچوں کے ساتھ شفقت سے پیش آئیں اور مساکین کے ساتھ حسن سلوک کریں ۔ انہوں نے اولاد والوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ یاد رکھو اگر آج ہم اپنی زندگیوں میں کسی یتیم کے سر پر ہاتھ رکھتے ہیں اور اس کواپنا تے ہیں تو یقیناًجب ہماری اولادیں حالت یتیمی سے دو چار ہوں گی اس وقت رحمت خدا وندی ان پر سایہ فگن رہے گی۔مولانا پیر نقشبندی نے کہا کہ خوش قسمت ہے وہ امتی جو آقائے دو جہاں سرکار دو عالم صلی اللہ علیہ وسلم پر اپنی جان ، مال ، آل اولادسب کچھ قربان کر نے کا جذبہ رکھتے ہیں۔ مولانا نے فرزندان توحید کو تلقین کی کہ وہ حالات زمانہ سے ہر گز نہ گھبرائیں بلکہ کامل یقین کے ساتھ دامن محمدی ؐ کو مضبوطی سے تھام لیں پھر دنیا کی بڑی سے بڑی طاقتیں بھی ہمارا کچھ نہیں بگاڑ سکتی مگر شرط یہ ہے۔ بقول علامہ اقبالؔ : ’’ کی محمد ؐ سے وفا تو نے تو ہم تیرے ہیں۔یہ جہاں چیز ہے کیا لوح و قلم تیرے ہیں‘‘آخر میں مولانا پیر نقشبندی نے بارگاہ الٰہی میں بطفیل حضور محمدؐ و وسیلہ اہل بیت اطہار ؓ دعا کی کہ جئیں تو اللہ اور اس کے حبیب ؐ کی محبت میںجئیں اور مریں تو صرف اللہ اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی ہی خوشنودی کیلئے اس دنیائے فانی سے رخصت ہوں۔