فرخ نگر شاد نگر میں زیارت آثار مبارکؐ و جلسہ ، رضوان پاشاہ قادری، حافظ سید یوسف علی کا خطاب
شادنگر ۔21 ؍ ستمبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) جامع مسجد سید شاہ جلال الدین فرخنگر، شادنگر میں زیارت آثار موئے مبارک کا انعقاد عمل میں لایا گیا۔ جسکی نگرانی مولانا سید شہاب الدین قادری مشائخ سجادہ نشین درگاہ حضرت سید شاہ علی اکبر الدین قادری ؒ امام و خطیب متولی مسجد ہذا نے کی۔ زیارت آثار موئے مبارک کے موقع پر مسجد ہذا میں منعقدہ جلسہ سے مولانا حافظ و قاری ڈاکٹر سید شاہ رضوان پاشاہ قادری صدر قرآن اکیڈیمی بحیثیت مہمان خصوصی جلسہ سے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ امت محمدیہ حضور صلی اللہ علیہ وسلم بتائے ہوئے طریقوں اور ان کی حیات مبارکہ کے مطابق اپنی زندگی گزارنے کی کوشش کریں۔ حضور صلی اللہ علیہ وسلم سے محبت ایمان کا ایک اہم حصہ ہے۔ اللہ تبارک و تعالی نے حضور صلی اللہ علیہ وسلم کو رحمت اللعالمین بنایا۔ ہماری یہ خوش نصیبی ہے کہ ہم رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے امتی ہیں۔ حضور صلی اللہ علیہ وسلم کا امتی ہونے کا دعوی کرنے والے مسلمان شریعت محمدیہ پر عمل پیرا رہیں۔ حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی ہر ایک سنت کو اسی کے مطابق عمل کرنے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا ہے کہ امت محمدیہ کا امتی اسوہ حسنہ کے مطابق اپنی دنیا و اخرت کو سنوارنے اور کامیاب بنانے کے لیے سنت رسول پر عمل پیرا رہیں۔ عشق رسول کے لیے دل سے محبت ہونی چاہیے۔ مولانا حافظ و قاری سید منور علی نقشبندی امام و خطیب مسجد حبیبہ شادنگر ( صدر تنظیم آئمہ اہل سنت و الجماعت ) نے امت محمدیہ پر روشنی ڈالی۔ حضرت مولانا حافظ و قاری سید یوسف علی اظہر نقشبندی نے جلسہ سے مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی سنتوں پر عمل پیرا رہیں۔ مسلمان دنیا و اخرت کو کامیاب بنانا چاہتے ہیں تو حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے بتائے ہوئے طریقوں پر عمل کرے۔ انہوں نے حاضرین جلسہ پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی محبت اپنے دلوں میں بسالیں۔ کوئی ایسا عمل نہ کرے جس کی وجہ سے ایمان یا پھر شریعت کو کسی طرح کا نقصان ہو۔ اپنے ایمان اور دین کی مکمل حفاظت کریں۔ جناب مولانا حافظ وقاری سید شاہ اظہر الدین قادری مشائخ نے نظامت کے فرائض انجام دیے ۔ جلسہ کا آغاز مولانا حافظ سید شاہ ندیم الدین قادری نظامی کی قرات کلام پاک سے ہوا ۔ بارگاہ رسالت میں مولانا حافظ و قاری احسان علی احتشام شازلی نظامی۔ حافظ و قاری محمد شعیب عطاری امام و خطیب مسجد عائشہ نے ہدیہ نعت پیش کی۔ بعد جلسہ زیارت آثار موئے مبارک کی زیارت کروائی گئی۔ آثار موئے مبارک کی زیارت خواتین کیلئے مشائخ صاحب کے مکان پر اہتمام رکھا گیا تھا۔ زیارت آثار موئے مبارک میں عاشقان رسول کی بڑی تعداد موجود تھی۔