13 جنوری کو رائل ریجنسی گارڈن میں مقرر ، جناب زاہد علی خاں صدارت کریں گے
حیدرآباد ۔ 10 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز ) : سیاست اور ملت فنڈ کی جانب سے مسلم لڑکوں اور لڑکیوں کی شادیوں کے رشتے طئے کرنے کے لیے 92 واں دوبدو ملاقات پروگرام 13 جنوری اتوار صبح 10 تا 2 بجے دن رائل ریجنسی گارڈن روبرو آصف نگر پٹرول پمپ منعقد ہوگا ۔ اس پروگرام کی صدارت جناب زاہد علی خاں ایڈیٹر روزنامہ سیاست کریں گے ۔ مہمانان خصوصی کی حیثیت سے جناب سعید بن محمد القیعطی اور جناب فیصل بن علی القیعطی مالکین رائل ریجنسی گارڈن شرکت کریں گے ۔ والدین اور سرپرستوں کے لیے سیاست اور ملت فنڈ نے دونوں شہروں میں مختلف پروگرامس منعقد کرتے ہوئے اس بات کی سہولت مہیا کی تھی کہ وہ اپنے لڑکوں اور لڑکیوں کے رشتے ازدواج کے لیے موزوں رشتے تلاش کرلیں جس کے لیے اب تک ہوئے ان پروگراموں سے والدین نے استفادہ کیا اور جناب زاہد علی خاں ایڈیٹر سیاست اور جناب ظہیر الدین علی خاں منیجنگ ایڈیٹر سیاست کے اس عزم کو پائے تکمیل تک پہنچایا جارہا ہے اور والدین کو چاہئے کہ وہ پابندی وقت کے ساتھ اس پروگرام میں شریک ہو کر اپنے ساتھ زیادہ سے زیادہ فوٹوز اور بائیو ڈاٹاس کی کاپیز زیادہ سے زیادہ رکھیں تاکہ مشاورت میں آسانی پیدا ہوسکے ۔ والدین کے لیے اس پروگرام میں سہولت کے لیے کاونٹرس متعین کئے جارہے ہیں تاکہ والدین اور سرپرست اپنے اپنے لڑکوں اور لڑکیوں کے بائیو ڈاٹاس اور فوٹوز کی مدد سے ایس ایس سی ، انٹر میڈیٹ ، بی ایس سی ، بی کام ، ایم ایس سی ، ایم کام ، ایم بی بی ایس ، بی ڈی ایس ، بی فارمیسی ، گریجویٹس ، پوسٹ گریجویٹس ، عقد ثانی ، اور تاخیر سے ہونے والے لڑکے اور لڑکیوں کی شادیوں کے لیے بھی استفادہ کرسکتے ہیں ۔ اس کے علاوہ معذورین کے لیے بھی کاونٹر رہے گا ۔ اس کے ساتھ دوبدو پروگرام میں آن لائن رجسٹریشن کی سہولت بھی مہیا کی جارہی ہے تاکہ وہ کمپیوٹرس کی مدد سے رشتوں کو تلاش کرسکے ۔ جناب خالد محی الدین اسد کوآرڈینٹر پروگرام نے بتایا کہ اس پروگرام کو شہر حیدرآباد کے علاوہ عالمی سطح تک پہنچانے راست ٹیلی کاسٹ کے لیے یوٹیوب ، فیس بک ، سیاست ٹی وی کے ذریعہ تشہیر کی جائے گی ۔ اب تک ہوئے دوبدو ملاقات پروگرام کی تشہیر جب اس کے ذریعہ کی گئی تو ملک اور بیرون ممالک میں مقیم ہندوستانی و حیدرآبادی ناظرین نے اس پروگرام کو کافی پسند کیا اور سراہا ۔ مزید تفصیلات کے لیے جناب خالد محی الدین اسد کوآرڈینٹر پروگرام سے فون 9391160364 پر ربط کریں ۔۔