رشتہ داروں کو ایرپورٹ پر وداع کرنے کے بعد واپسی کے دوران سڑک حادثہ، سات سالہ لڑکی ہلاک

   

حیدرآباد4 نومبر(یواین آئی) رشتہ داروں کو شمس آباد ایرپورٹ پر وداع کرنے کے بعد واپسی کے دوران پیش آئے سڑک حادثہ میں ایک سات سالہ لڑکی کی موت ہوگئی جبکہ دیگر افراد شدید زخمی ہوگئے ۔پولیس نے بتایا کہ یہ حادثہ تلنگانہ کے کاماریڈی ضلع کے بھکنور کے قریب کل شب اُس وقت پیش آیا جب نظام آباد ضلع کی برکت پورہ کالونی کے رہنے والے رسول قریشی،راحت بیگم، اکبرالدین، سات سالہ ماریا،شمس آباد ایرپورٹ سے رشتہ داروں کو وداع کرنے کے بعد کل تقریبا چاربجے شب واپس ہورہے تھے کہ کارڈرائیور نے حالت نیند میں اس کا توازن کھودیا جس کے نتیجہ میں کار بے قابو ہوکر سڑک کے کنارے درخت سے ٹکراگئی۔اس حادثہ میں سات سالہ ماریا موقع پر ہی ہلاک ہوگئی اورکار میں سوار دیگر مسافرین شدید زخمی ہوگئے ۔زخمیوں کو علاج کے لئے سرکاری ہاسپٹل منتقل کردیاگیا جس کے بعد بہتر علاج کے لئے ان کو حیدرآباد لے جایاگیا۔پولیس نے اس سلسلہ میں ایک معاملہ درج کرکے جانچ شروع کردی۔