رشتہ کے انتخاب میں اخلاق، دیانتداری کو ملحوظ رکھنے پر زور

   

دفتر ’سیاست‘ میں دوبہ دو پروگرام، اصغر علی خان اور فخر علی خان کی شرکت

حیدرآباد۔/19 نومبر، ( سیاست نیوز) سیاست اور ملت فنڈ کے زیر اہتمام مسلم لڑکوں اور لڑکیوں کے رشتوں کے انتخاب کے لئے 131 واں دو بہ دو ملاقات پروگرام 19 نومبر کی صبح 10 تا 3 بجے دن عابد علی خان سنٹینری ہال ، محبوب حسین جگر ، عابڈز پر منعقد ہوا جس میں والدین نے اپنے لڑکوں اور لڑکیوں کے بائیو ڈاٹاس رجسٹریشن کروائے اور والدین سے رشتہ کے ضمن میں بات چیت کی۔پروگرام والدین کیلئے آسانی فراہم کررہا ہے۔اور والدین نے کمپیوٹرس ( آن لائن ) کی مدد سے بھی رشتوں کو تلاش کیا۔ اکثر والدین نے بتایا کہ جناب زاہد علی خان ایڈیٹر روز نامہ ’سیاست‘ ، نیوز ایڈیٹر’سیاست‘ جناب عامر علی خان، جناب ظہیر الدین علی خان مرحوم نے اس پروگرام کی مدد سے ایسے والدین جو پریشان تھے اپنے لڑکوں اور لڑکیوں کے رشتوں کے لئے انہیں اس کے ذریعہ آسانی فراہم کی۔ دوبہ دو پروگرام میں جناب اصغر علی خان اور جناب فخر علی خان فرزندان جناب ظہیر الدین علی خان نے کاؤنٹرس کا تفصیلی معائنہ کیا اور والدین سے بات چیت کرنے کیلئے لڑکے کے والدین کو ہرا ربن اور لڑکیوں کے والدین کیلئے پیلا ربن دیا گیا تاکہ وہ اپنے ہاتھ پر لگائے رکھیں اس سے رشتہ کیلئے بات چیت میں آسانی پیدا ہوسکے گی۔ عابد علی خان سنٹینری ہال کے دونوں فلور لڑکے و لڑکیوں کے والدین کی کثیر تعداد کے باعث فُل ہوچکے تھے جہاں مختلف کاؤنٹرس پر والینٹرس نے ان کی رہنمائی کی۔ اس پروگرام میں جناب صالح بن عبداللہ با حازق نے والدین کو یاددلایا کہ انہیں رجسٹریشن کرنے کے بعد رشتہ کے انتخاب میں لڑکا اور لڑکی کے اخلاق، تعلیمی قابلیت اور دیانتداری کے ساتھ امور خانہ داری سے واقفیت کو ترجیح دینا چاہیئے تاکہ انتخاب میں فضول اور دوسرے امور کو اہمیت نہ دے کر موزوں رشتے منتخب ہوسکیں۔ رجسٹریشن کاونٹر پر والدین نے 1000 روپئے ادا کرتے ہوئے اپنے لڑکوں اور لڑکیوں کے بائیو ڈاٹاس رجسٹریشن کروائے۔ جو والدین دو بہ دو کے علاوہ دفتر پہنچ کر رشتے تلاش کرسکتے ہیں روزانہ 10 تا 4 بجے شام دفتر روز نامہ سیاست ( عابڈز ) پہنچ کر رشتوں کا انتخاب کرسکتے ہیں۔ پروگرم میں آن لائن رجسٹریشن کی سہولت بھی مہیا کی گئی تھی جہاں والدین نے اپنے لڑکوں کا رجسٹریشن کروایا۔ تعلیمی قابلیت کے لحاظ سے انجینئرنگ، میڈیسن، گریجویشن، پوسٹ گریجویشن، ایم بی اے، ایم سی اے، انٹر میڈیٹ، ایس ایس سی، عالم و فاضل کے علاوہ تاخیر سے شادی، عقد ثانی اور معذورین کے لئے بھی کاونٹر رکھا گیا۔ ان کاؤنٹرس پر علی الترتیب محترمہ محمدی، ثانیہ، لطیف النساء، رئیسہ، تسکین، ڈاکٹر دردانہ، لطیف، فراوسہ، امتیاز، ترنم خان، آمنہ خان، شہناز، شاہانہ، مسکان، سیماورسیہ، کوثر جہاں، ثمینہ، غلام محی الدین فاروق اور دوسروں نے والدین کی رہبری و رہنمائی کی۔ جناب خالد محی الدین اسد کوکنوینر پروگرام نے والدین اور سرپرستوں کوپروگرام کی تفصیلات سے واقف کروایا۔ 4 بجے شام پروگرام کا اختتام ہوا۔ قر￿ت کلام پاک سے پروگرام کا آغاز ہوا۔ جناب صالح بن عبداللہ ، محمد شعیب حازق نے کارروائی چلائی اور شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر جناب شیخ نظام الدین، محمد شعیب ، شیخ احمد، اظہر اور دوسروں نے حصہ لیا۔پروگرام میں پرانے شہر کے مختلف محلہ جات کے علاوہ نامپلی، عابڈز، پرانا پل، آغا پورہ، وجئے نگر کالونی، آصف نگر، مہدی پٹنم، جھرہ، کاروان اور دوردراز مقامات سے والدین نے شرکت کی جس میں ضعیف والدین بھی شامل تھے۔