ممبئی ، 4 اکٹوبر (ایجنسیز) معروف اداکارہ رشمیکا مندانا اور اداکار وجے دیورکونڈاایک بار پھر خبروں کی زینت بن گئے ہیں، خفیہ ڈیٹنگ کرنے والے اس جوڑے کی منگنی سے متعلق افواہیں گردش کر رہی ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وجے اور رشمیکا نے 3 اکتوبر 2025 کو ایک نجی تقریب میں منگنی کرلی، جس میں صرف قریبی رشتہ داروں اور دوستوں نے شرکت کی۔ سوشل میڈیا پر ایک تصویر وائرل ہوئی ہے جس میں وجے اور رشمیکا دلہن اور دلہے کے لباس میں نظر آرہے ہیں، جس نے مداحوں میں تجسس پیدا کر دیا کہ کیا یہ ان کی اصل منگنی کی تصویر ہے۔ تاہم بعد میں یہ واضح کیا گیا کہ تصویر ان کی مشہور فلم گیتھا گووندم کے ایک منظر کی ہے، نہ کہ حقیقی زندگی کی تقریب سے تعلق رکھتی ہے۔ تاحال نہ وجے دیورکونڈا اور نہ ہی رشمیکا مندانا نے اپنی منگنی کی خبروں کی تصدیق یا تردید کی ہے، اور دونوں کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر بھی اس حوالے سے کوئی بیان یا تصویر موجود نہیں۔ یاد رہے کہ یہ جوڑی اپنی نجی زندگی کو میڈیا سے دور رکھنے کیلئے مشہور ہے۔ تاہم ان کے درمیان ممکنہ رشتے کی خبریں ماضی میں بھی کئی بار سامنے آ چکی ہیں۔