پٹنہ ۔27 مارچ ۔( سیاست ڈاٹ کام ) ملک میں کورونا وائرس کی وباء کے باعث مکمل لااک ڈاؤن ہے اور عوام اشیاء ضروریہ کے حصول کیلئے جہاں سرگرداں ہیں وہیں حکومت کی جانب سے عوام کو اشیاء ضروریہ کی فراہمی کی بھرپور کوشش کی جارہی ہے ۔ اس دوران مختلف واقعات بھی پیش آرہے ہیں ایسا ہی ایک واقعہ پٹنہ ، بہار کے دانا پور میں پیش آیا جہاں تین پولیس ملازمین نے آلو سے لدے ٹرک کو جانے کی اجازت دینے کے لئے ڈرائیور سے رشوت طلب کی اور رشوت دینے سے انکار کرنے پر ڈرائیور کو گولی مار دی ۔ پٹلا پور گاؤں کا رہنے والا ڈرائیور سونو سودھ ٹانگ میں گولی لگنے سے شدید طورپر زخمی ہوگیا جس کو مقامی افراد نے قریبی ہاسپٹل منتقل کیا ۔ برہم مقامی افراد نے تین پولیس کانسٹیبلس کو پکڑکر رکھا اور سینئر پولیس آفیسرس کو اس کی اطلاع دی ۔ بعد میں تینوں کو گرفتار کرلیا گیا ۔ انسپکٹر جنرل سنٹرل رینج ، پٹنہ سنجے سنگھ نے بتایا کہ جلد ہی تینوں کو خدمات سے برطرف کردیا جائے گا ۔