نئی دہلی، 12 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) مرکزی تفتیشی بیورو (سی بی آئی) نے ایک معاملہ کو رفع دفع کرنے کے لئے رشوت کی پیشکش کرنے کے الزام میں وزارت داخلہ کے ایک سینئر افسر کو جمعرات کو گرفتار کیا۔سی بی آئی ذرائع کے مطابق گرفتار افسر کا نام دھیرج کمار ہے اور وہ وزارت داخلہ میں سیکشن افسر ہے ۔ دھیرج نے تفتیشی ایجنسی کے سینئر افسر کو ایک کیس کو متاثر کرنے کے لئے 16 لاکھ روپے رشوت کی پیشکش کی تھی۔ دھیرج کو سی بی آئی نے 16 لاکھ روپے کی نقد رقم کے ساتھ رنگے ہاتھوں گرفتار کیا۔دھیرج کمار وزارت داخلہ میں انڈین پولیس سروس (آئی پی ایس) حکام کے پینل سے متعلق سیکشن میں تعینات تھا۔ ذرائع کے مطابق دھیرج کمار نے ایک آئی پی ایس افسر سے جڑے معاملہ کو ختم کرنے کے لئے رشوت کی پیشکش کی تھی۔اس واقعہ سے پتہ چلتا ہے کہ بدعنوانی حساس محکمہ جات میں بھی سرایت کرچکی ہے ۔ خصوصاً وزارت داخلہ میں اس قسم کے واقعات حریتناک ہیں۔