رشوت ستانی میں ملوث وقف بورڈ کا ملازم برطرف

   

حیدرآباد 13 مارچ (سیاست نیوز) تلنگانہ وقف بورڈ کے رشوت ستانی میں ملوث عارضی ملازم کو برطرف کردیا گیا ہے۔ چیف ایگزیکٹیو آفیسر محمد قاسم نے حکومت کی ہدایت پر احکامات جاری کردیئے۔ وقف بورڈ کے عارضی ملازم محمد اظہر خان جونیر اسسٹنٹ کو اینٹی کرپشن بیورو کے عہدیداروں نے 4 ہزار روپئے رشوت قبول کرتے ہوئے گرفتار کرلیا تھا۔ اولڈ ملک پیٹ کی ایک مسجد سے متعلق تفصیلات آر ٹی آئی میں فراہم کرنے کے لئے اِس رقم کا مطالبہ کیا تھا۔ درخواست گذار سے رقم وصول کرتے وقت اینٹی کرپشن کی ٹیم نے محمد اظہر خان کو رنگے ہاتھوں پکڑ لیا تھا۔ چیف ایگزیکٹیو آفیسر نے اظہر خان کی خدمات فوری اثر کے ساتھ ختم کرنے کے احکامات جاری کئے ہیں۔