رشوت ستانی کے خلاف کارروائی ،سابق ڈی ایس پی گرفتار

   

حیدرآباد ۔ 15 ڈسمبر ۔ (سیاست نیوز) اینٹی کرپشن بیورو ( اے سی بی ) کے عہدیداروں نے حیدرآباد میٹروپولیٹن ڈیولپمنٹ اتھاریٹی ( ایچ ایم ڈی اے ) انفورسمنٹ کے سابقہ ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس جی جگن کو رشوت خوری کے الزام میں گرفتار کرلیا ۔ سرکاری ذرائع کے مطابق جی جگن جو سابق میں ایچ ایم ڈی اے میں زیرخدمت تھے پرجا پتی کنسٹرکشن کے منیجنگ ڈائرکٹر ڈی کوٹیشور راؤ سے چار لاکھ روپئے کی رشوت کا مطالبہ کیا تھا اور اس سلسلے میں دو لاکھ روپئے پیشگی رقم بھی حاصل کرلی تھی ۔ نظام پیٹ ضلع میڑچل ملکاجگیری میں اپارٹمنٹ کی تعمیر میں خامیوں کو نظرانداز کرنے کیلئے مذکورہ ڈی ایس پی نے رشوت طلب کی تھی اور بقایہ دو لاکھ روپئے کی رقم کی حوالگی کے دوران اینٹی کرپشن بیورو نے جگن اور رشوت حاصل کرنے والے آؤٹ سورسنگ سکیورٹی گارڈ کو گرفتار کرلیا ۔ اے سی بی نے آج بیک وقت ڈی ایس پی کے مکان اور اُس سے وابستہ افراد کے مکانات پر دھاوے کئے ۔ بعد ازاں ملزم ڈی ایس پی کو خصوصی جج عدالت انسداد رشوت ستانی کے اجلاس پر پیش کرتے ہوئے جیل بھیج دیا۔