رشوت لیتے ہوئے ویمنس پولیس اسٹیشن کا سب انسپکٹر گرفتار

   

حیدرآباد /10 جولائی ( سیاست نیوز ) گھریلو اور خاندانی مسائل میں بھی رشوت لینے سے پولیس عہدیدار باز نہیں آرہے ہیں۔ ایسے ہی چند عہدیداروں کے سبب محکمہ پر سنگین الزامات لگائے جاتے ہیں اور کہا جاتا ہے کہ بغیر پیسوں کے پولیس محکمہ میں کام نہیں ہوتا ۔ محکمہ کو بدنام کرنے والے ایک سب انسپکٹر پولیس کو اینٹی کرپشن بیورو نے رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا۔ اے سی بی نے آج گچی باؤلی ویمن پولیس اسٹیشن میں کارروائی کے دوران ایس آئی وینو گوپال کو 25 ہزار روپئے رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا۔ بتایا گیا کہ وینو گوپال کو حالیہ دنوں ترقی ہوئی تھی اور گچی باؤلی ویمن پولیس پر متعین کیا گیا تھا ۔ اے سی بی ذرائع کے مطابق وینو گوپال سب انسپکٹر نے مقدمہ سے شکایت گذار کی والدہ کے نام کو نکالنے رشوت کا مطالبہ کیا تھا ۔ اے سی بی نے رشوت خور سب انسپکٹر کو عدالتی تحویل میں دے دیا ۔ ع