رشوت لیتے ہوئے گرفتار انسپکٹر کے گھر پر دھاوا ‘ غیر محسوب دولت ضبط

   

حیدرآباد۔ اینٹی کرپشن بیورو نے ضلع رنگاریڈی کے شاہ آباد پولیس اسٹیشن انسپکٹر بی شنکریا کے مکان پر دھاوے کئے جنہیں کل رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑ لیا گیا تھا ۔ بیورو نے آج صبح کارروائی کا آغاز کیا تھا اور ان کے مکان سے 4.58 کروڑ مالیتی غیر محسوب اثاثہ جات ضبط کرلئے گئے جس میں اراضی دستاویزات، نقد رقم، طلائی زیورات اور دیگر اشیاء شامل ہیں۔ اے سی بی ذرائع نے بتایا کہ 9 جولائی کو رنگے ہاتھوں گرفتاری کے بعد انہیں عدالت میں پیش کیا گیا اور آج تازہ ترین کارروائی میں غیر محسوب اثاثہ جات ضبط کئے گئے ہیں۔ واضح رہے کہ انسپکٹر شنکریا اور ان کے معاون اسسٹنٹ سب انسپکٹر رجندر اراضی معاملہ کی یکسوئی کیلئے ایک لاکھ 20 ہزار روپئے نقد رقم وجئے موہن ریڈی نامی درخواست گذار سے حاصل کی تھی اور انہیں رنگے ہاتھوں پکڑ لیا گیا تھا۔ بیورو کے عہدیداروں نے بتایا کہ اس کیس میں مزید تحقیقات جاری ہیں۔