ناگپور: ناگپور میں ایک ٹریفک پولیس اہلکار کو اس وقت معطل کر دیا گیا جب اسے مبینہ طورپر اسکوٹروالی ایک خاتون سے رشوت مانگنے اور لینے کے دوران فلم بند کیا گیا، حکام نے چہارشنبہ کو تفصیلات بتایا۔ یہ واقعہ منگل کی صبح اجنی کے ٹکڈوجی اسکوائر پر پیش آیا جب ڈیوٹی پر موجود ٹریفک پولیس اہلکار نے خاتون اور ایک ڈبل سوار پر الزام لگایا، دونوں نے پیلے رنگ کے دوپٹہ پہن رکھے تھے لیکن قواعد کے مطابق ہیلمٹ نہیں پہنے ہوئے تھے۔ پولیس اہلکار، جس کی شناخت بعد میں اجنی ٹریفک پولیس کے ساتھ منسلک کشور دکھنڈے کے طور پر ہوئی، کو نامعلوم خاتون کے ساتھ بحث کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے، جس نے سخت احتجاج کیا کیونکہ دکھنڈے نے اسے جرم کے لیے جرمانے کی دھمکی دی تھی۔ دکھنڈے نے مبینہ طور پر اسے چھوڑنے کے لیے 1,000 روپے کا مطالبہ کیا یا چالان کاٹنے کی دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ اس نے اسکوٹر کا رجسٹریشن نمبر نوٹ کر لیا ہے۔ کچھ اور گفتگوکے بعد بالآخر خاتون نے ہار مان لی اور اپنے ساتھی سے کہا کہ رشوت کی رقم 300 روپے پولیس والے کو دے دے۔