ڈائرکٹر جنرل اینٹی کرپشن بیورو روی گپتا کا بیان
حیدرآباد۔/29 اپریل، ( سیاست نیوز) ریاست کو رشوت سے پاک ریاست بنانے کیلئے مزید سخت اقدامات عمل میں لائے جائیں گے اور ایک روپیہ بھی رشوت وصول کرنے والوں کو بخشا نہیں جائے گا۔ یہ بات ڈی جی اینٹی کرپشن بیورو مسٹر روی گپتا نے بتائی۔ حالیہ دنوں اے سی بی کی کارروائیوں میں شدت پیدا کی گئی ہے اور کئی رشوت خور عہدیداروں کی گرفتاری بھی عمل میں لائی جاچکی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سرکاری محکموں سے رجوع ہونے والی عوام کو بہتر سے بہتر خدمات فراہم کی جانی چاہیئے۔ اگر کسی محکمہ میں رشوت کا مطالبہ کیا جاتا ہے تو پھر کسی بھی صورت میں رشوت وصول کرنے والے کو بخشا نہیں جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ چیف منسٹر کی خصوصی ہدایت پر سختی سے عمل کیا جارہا ہے اور سرکاری محکموں میں بدعنوان عہدیداروں پر نظر رکھی جارہی ہے۔ انہوں نے عوام سے رشوت خور عہدیداروں کے خلاف بے خوف ہوکر شکایت کرنے کی خواہش کی اور کہا کہ رشوت خوری سے پاک ریاست کو تشکیل دینے میں ہر ممکنہ اور موثر اقدامات عمل میں لائے جائیں گے۔ مسٹر روی گپتا نے کہا کہ رشوت کی رقم چاہے جتنی بھی ہو کسی بھی حال میں قابل قبول نہیں اور ایسے عہدیداروں کے خلاف مزید سخت کارروائیاں کی جائیں گی۔ ع