رشوت کا خاتمہ کرنے کے سی آر کا بیان مضحکہ خیز: جیون ریڈی

   

حیدرآباد ۔ 13 ۔ اپریل : ( این ایس ایس ) : کانگریس کے رکن قانون ساز کونسل ٹی جیون ریڈی نے ریاست سے کرپشن کا خاتمہ کرنے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کے اعلان کا مذاق اڑاتے ہوئے سوال کیا کہ خود چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ بھی آیا اس ریاست کے محکمہ جات مال ، بلدی نظم و نسق و پنچایت راج میں رشوت ستانی کے لیے ذمہ دار نہیں ہیں ؟ کیوں کہ وہ ( کے سی آر ) گذشتہ پانچ سال سے اس ریاست میں حکمرانی کررہے ہیں ۔ جیون ریڈی نے کہا کہ چیف منسٹر اب کہہ رہے ہیں کہ محکمہ مال میں رشوت ستانی ہورہی ہے ۔ حالانکہ لینڈ سروے کی تکمیل کے بعد خود انہوں نے اس محکمہ ( مال ) کی بے انتہا ستائش کی تھی ۔ جیون ریڈی نے اس بات پر تعجب کا اظہار کیا کہ آیا حکمرانی پر کے سی آر کی کوئی گرفت باقی ہے ؟ کیوں کہ وہ کبھی بھی سکریٹریٹ نہیں گئے ہیں ۔۔