رشوت کے الزام میں ایم آر او گرفتار

   

حیدرآباد /22 اگست ( سیاست نیوز ) اینٹی کرپشن بیورو ذرائع کے مطابق آج منڈل ریونیو آفیسر باچوپلی ( تحصیلدار) مسٹر یادگیری کو ایک لاکھ روپئے کرپشن لیتے ہوئے اینٹی کرپشن بیورو کے عہدیداروں نے رنگے ہاتھوں پکڑ لیا ۔ تفصیلات کے مطابق مسٹر یادگیری ایم آر او باچوپلی نے ایک فرد سے اس کی مدد کرنے کیلئے ایک لاکھ روپئے دینے کا مطالبہ کیا اور پہلی قسط کے طور پر 50 ہزار روپئے بھی حاصل کرلئے اور دوسری قسط کے طور پر مزید 50 ہزار روپئے ادا کرنے کے موقع پر اس شخص نے اینٹی کرپشن بیورو عہدیداروں سے ربط پیدا کرکے اینٹی کرپشن بیورو عہدیداروں کے ذریعہ رقم حاصل کرکے منڈل ریونیو آفیسر کے حوالہ کرنے کے دوران اینٹی کرپشن بیورو عہدیداروں نے اچانک دھاوا کرکے منڈل ریونیو آفیسر باچوپلی مسٹر یادگیری کو رقم قبول کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا ۔ علاوہ ازیں عہدیداروں کی جانب سے ان کے مکان کی مکمل تلاشی لی جارہی ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ مسٹر یادگیری کے خلاف رشوت سے متعلق متعدد شکایتیں محکمہ اینٹی کرپشن بیورو کو موصول ہوئی ہیں ۔