پشاور ۔یکم مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) بالی ووڈ میں چار دہائیوں سے زیادہ عرصے تک راج کرنے والے اداکار رشی کپور کے انتقال پر اْن کا آبائی شہر پشاور بھی افسردہ ہے۔پشاور کے علاقے ڈھکی نعلبندی میں رشی کپور کی خاندانی اور تاریخی حویلی موجود ہے۔ یوں پشاور کے شہری نہ صرف کپور خاندان سے اچھی طرح واقف ہیں بلکہ یہ حویلی اْنہیں بھولنے بھی نہیں دیتی۔یہ حویلی کپور خاندان کی یادوں کا خزانہ ہے۔ اس حویلی کے پہلے وارث سے موجودہ پڑپوتوں تک سب کے سب بالی وڈ انڈسٹری پر راج کرتے آئے ہیں۔رشی کپور کے والد راج کپور، پشاور کے ڈھکی نعلبندی میں واقع اسی حویلی میں پیدا ہوئے تھے جو ان کے والد پرتھوی راج کپور نے 1918 میں تعمیر کرائی تھی۔ عمارت کی تعمیر میں چار سال کا عرصہ لگا۔پرتھوی راج کے دو اور بیٹوں ششی کپور اور شمی کپور کی پیدائش ممبئی میں ہوئی تھی مگر دونوں 1947 سے قبل کئی بار اپنے والد کے ساتھ پشاور آئے اور یہاں کی گلی کوچوں میں اپنے لڑکپن کا کچھ حصہ گزارا۔رشی کپور خود بھی 1990 میں پشاور آئے تھے اور انہوں نے اس حویلی میں کئی گھنٹے بھی گزارے تھے۔