کورونا کے دور میں ضعیف افراد اور معذورین کو گھروں تک ادویات فراہم کرنے مفت خدمات
حیدرآباد :۔ رضاکارانہ تنظیم ریلیف رائیڈرس کی جانب سے کورونا کے نازک دور میں مختلف امراض کا شکار ضعیف افراد اور معذورین کو ان کے گھروں تک ادویات فراہم کرنے کے لیے مفت خدمات فراہم کی جارہی ہے اور ادویات گھروں تک پہونچانے کے لیے ماحولیات کے تحفظ کی مہم کے طور پر صرف سیکل استعمال کی جارہی ہے ۔ شہر کے ایک کارپوریٹ ادارے میں خدمات انجام دینے والے شانتنا سلون نے بتایا کہ ریاست میں کورونا تیزی سے پھیل رہا ہے ۔ کیسیس کے ساتھ اموات میں بھی اضافہ ہورہا ہے ۔ ایسے میں ضعیف و مختلف امراض میں مبتلا رہنے والے ضعیف افراد اور معذورین کا گھروں سے باہر نکلنا ٹھیک نہیں ہے ۔ اس لیے ان کی رضاکارانہ تنظیم نے میڈیسن گھروں تک پہونچانے کے لیے مفت خدمات انجام دینے کا بیڑہ اٹھایا ۔ ریلیف رائیڈرس تنظیم کے 90 ارکان اس خدمات سے وابستہ ہیں ۔ ضرورت مندوں کے ایک فون کال پر یہ خدمات فراہم کی جارہی ہے ۔ اس خدمات کے لیے ضرورت مند افراد صبح 6 تا 10 بجے اور شام میں 6 تا رات 10 بجے کے درمیان 9566170334 ۔ 9629557866 پر ربط کرسکتے ہیں ۔ ادویات کے لیے ڈاکٹر کی چٹی ان فون نمبرات پر واٹس اپ کریں ۔ جس گھر میں ادویات پہونچانا ہے اس کا آڈرس ، لوکیشن کے ذریعہ تمام تفصیلات روانہ کریں ۔ ریلیف رائیڈرس کے ارکان قریبی میڈیکل شاپ سے رجوع ہو کر ان سے بات کریں گے اور آن لائن میں بل ادا کرنے کی سہولت فراہم کریں گے ۔ اس کے بعد آپ کے گھروں تک سیکل پر ادویات فراہم کی جائے گی ۔ شانتنا سلون نے بتایا کہ ان کی تنظیم کو روزانہ 60 فون کالس وصول ہورہے ہیں اور ضرورت مندوں تک ادویات پہونچائی جارہی ہے ۔۔